خیبرپختونخواہ کے وزیر صحت کی اپنی ہی حکومت کے حکم کی خلاف ورزی

سینئیر وزیر صحت ، خواتین کی یونیورسٹی میں پابندی کے باوجود مہمان خصوصی بن گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 9 نومبر 2018 18:42

خیبرپختونخواہ کے وزیر صحت کی اپنی ہی حکومت کے حکم کی خلاف ورزی
پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 نومبر 2018ء ) :سینئیر وزیر صحت ، خواتین کی یونیورسٹی میں پابندی کے باوجود مہمان خصوصی بن گئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ کے آخری ایام میں مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے صوبے کے تمام گرلز اسکولوں اور خواتین کے اسپورٹس مقابلوں کی تقریبات میں مردوں کی بطور مہمان خصوصی دعوت یا شرکت پر پابندی لگا دی تھی ۔

مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر یہ پابندی لگائی۔ صوبے کے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔ضیاء اللہ بنگش نے ہدایت کی تھی کہ لڑکیوں کے اسکولوں میں جتنی بھی تقریبات ہونگی اٴْن میں خواتین صوبائی ارکان اسمبلی یا خواتین اعلیٰ افسران بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی، جب کہ گرلز اسکولوں میں مرد حضرات کا داخلہ بند ہوگا۔

(جاری ہے)

ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ گرلز اسکولوں کی تقریبات یا کسی پروگرام میں مرد حضرات کو بطور مہمان خصوصی بھی نہ بلایا جائے، جبکہ گرلز اسکول کے کسی پروگرام کو سوشل میڈیا پر مشتہر نہ کیا جائے۔ خواتین اسکولوں میں ہر قسم کی تقریبات کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
اس حوالے سے نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا جس میں تمام مرد اراکین اسمبلی پر لڑکیوں کے اسکولوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ کے پی کے سینئیر صوبائی وزیر صحت ،اپنی ہی حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے لگے۔ہاشم انعام اللہ خان خواتین کی یونیورسٹی میں پابندی کے باوجود مہمان خصوصی بن گئے.اس حوالے سے حکومتی موقف ہے کہ شجر کاری کے مہم کے سلسلے میں انہیں خود مدعو کیا گیا تھا۔