وزیراعظم کا دورہ چین ترقی کے نئے راستے کھول رہا ہے، علیم خان

ویسٹ سے توانائی کی پیداوار کے لیے غیرملکی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا، اب کک بیک کے بغیر اور صاف و شفاف انداز میں کام ہوگا، کوڑے کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کریں گے،سینئر وزیر پنجاب کی چینی وفد سے گفتگو چینی وفد کا پنجاب میں ویسٹ مینجمنٹ، انفرا اسٹرکچر و دیگر شعبوں میں دلچسپی کا اظہار

جمعہ 9 نومبر 2018 19:52

وزیراعظم کا دورہ چین ترقی کے نئے راستے کھول رہا ہے، علیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب علیم خان نے کہا ہے کہ صوبے میں مختلف سیکٹرز کے لیے چین کے تعاون کے خواہاں ہیں، وزیراعظم کا ددورہ چین ترقی کے نئے راستے کھول رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب علیم خان سے چینی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی، علیم خان نے کہا کہ پنجاب میں کوڑے کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کریں گے۔

علیم خان نے کہا کہ ویسٹ سے توانائی کی پیداوار کے لیے غیرملکی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا، صوبے میں مختلف سیکٹرز کے لیے چین کے تعاون کے خواہاں ہیں،سینئر وزیر پنجاب کی چینی وفد سے انفرا اسٹرکچر ودیگر منصوبوں سے متعلق بھی گفتگو ہوئی، علیم خان نے کہا کہ کم لاگت کے رہائشی منصوبوں میں بھی چین کی مہارت سے مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

علیم خان نے کہا کہ اب کک بیک کے بغیر اور صاف و شفاف انداز میں کام ہوگا، غیرملکی کمپنیاں بھرپور اعتماد کے ساتھ پنجاب میں کام کریں۔

سینئر وزیر کو چین کے بیورو گروپ کمپنی کے اراکین نے بھرپور تعاون کی پیش کش کی، چینی وفد کا پنجاب میں ویسٹ مینجمنٹ، انفرا اسٹرکچر و دیگر شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ دو روز قبل علیم خان نے کہا تھا کہ متعلقہ اداروں کو اورنج لائن منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، اورنج لائن ٹرین بڑی لاگت والا منصوبہ ہے اب اسے ادھورا نہیں چھوڑ سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ بینکس، اداروں، کمپنیز کو اسٹیشنز کی اشتہاری اونرشپ دی جائے، کاروباری اداروں کی شراکت سے ٹرین کی سبسڈی میں کمی آئے گی۔