دوسرا ون ڈے ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کےلئے ہدف دیدیا

روس ٹیلر کی نصف سنچری، شاہین آفریدی کے4شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 9 نومبر 2018 19:29

دوسرا ون ڈے ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کےلئے ہدف دیدیا
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9نومبر2018ء) تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 210رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وارکر نے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستانی باﺅلرز نے قومی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور کیویز کے 4 بلے بازوں کو 16 ویں اوور میں 74 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

کولن منرو 13 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی وکٹ بنے ،کین ولیمسن1 رن سکور کرکے رن آﺅٹ ہوئے،جارج ورکر28 رنز سکور کرکے حفیظ کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ ٹام لیتھم ایک رن بنا کر شاہین آفریدی کے شاندار یارکر پر بولڈ ہوئے ، ہنری نکولس اور روس ٹیلر نے پانچویں وکٹ کے لیے75رنز جوڑے جس کے بعد نکولس 33رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے ، کولن ڈی گرینڈ ہوم3رنز بنا کر شاداب خان کو چھکا لگانے کی کوشش میں حسن علی کے ہاتھوں جکڑے گئے ،ٹم ساﺅتھی 13رنز بنا کر شاہین آفریدی کا تیسرا شکا ر بنے جبکہ اش سوڈھی بھی13رنز سکورکرکے شاہین آفریدی کی گیندپر بولڈ ہوگئے ،ٹرینٹ بولٹ 1رن بناکر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، کیویز نے مقررہ50اوورز میں209رنز بنائے ،روس ٹیلر86رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے لیے شاہین آفریدی نے4،حسن علی نے2اور شاداب خان او ر محمد حفیظ نے 1،1وکٹ لی۔ 3 میچز پر مشتمل سیریز میں کیویز کو قومی ٹیم پر 0-1 کی برتری حاصل ہے، گرین شرٹس کو سیریز بچانے کےلئے میچ لازمی جیتنا ہوگا اور شکست کی صورت میں کیویز ٹیم ٹرافی کی حق دار ٹھہرے گی۔آج کے میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قومی ٹیم میں جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے، وہ ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں ۔

سرفراز الیون میں امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔نیوزی لینڈ کے لیگ سپنر ٹوڈ ایسٹل انجری کا شکار ہونے کے بعد بغیر کوئی میچ کھیلے واپس روانہ ہوگئے، جب کہ آج کے میچ کےلئے کیویز ٹیم جارج وارکر، کولن منرو،کین ولیمسن( کپتان )، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، ہینری نیکولس، کولن گرینڈ ہوم، ٹم سا ﺅتھی، اش سوڈھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل ہے۔

متعلقہ عنوان :