فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان سے نکال دیا گیا

شو کاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر متحدہ کی قیادت نے پارٹی کے سابق سربراہ کی رکنیت ختم کر دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 9 نومبر 2018 20:47

فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان سے نکال دیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2018ء) فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان سے نکال دیا گیا، شو کاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر متحدہ کی قیادت نے پارٹی کے سابق سربراہ کی رکنیت ختم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی سیاست میں ایک مرتبہ پھر ہلچل دیکھنے میں آئی ہے۔ ایک مرتبہ پھر ایم کیو ایم پاکستان کی وجہ سے کراچی کی سیاست کا درجہ حرارت بڑھتا ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق سربراہ فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان سے نکال دیا گیا ہے۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ تاہم فاروق ستار کی جانب سے شوکاز نوٹس پر کسی قسم کا جواب داخل نہیں کروایا گیا۔ اسی باعث اب فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان سے نکالنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فاروق ستار کو ایم کیو ایم کا مزید حصہ نہ رکھنے کا فیصلہ جمعہ کے روز بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے ہنگامی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کی تمام اعلی قیادت نے شرکت کی۔ اس دوران ایم کیو ایم پاکستان کی تمام قیادت نے فاروق ستار کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کی منظوری دی۔ اس فیصلے کے بعد فاروق ستار اب ایم کیو ایم پاکستان کا مزید حصہ نہیں رہے۔

واضح رہے کہ فاروق ستار نے 22 اگست 2016 کو متحدہ کے بانی الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف تقاریر کرنے کے بعد پارٹی کی قیادت سنبھال لی تھی۔ فاروق ستار نے پارٹی کو ایم کیو ایم پاکستان کا نام دیا تھا، کئی ماہ تک پارٹی کے سربراہ رہے۔ تاہم بعد ازاں فاروق ستار سے پارٹی کی قیادت کا عہدہ چھین لیا گیا تھا۔ اور اب ان سے ایم کیو ایم کی رکنیت بھی چھین لی گئی ہے۔