Live Updates

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قا سم خان سوری سے نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے 15 رکنی وفد کی ملاقات

نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ اور قومی اسمبلی آف پاکستان کے مابین روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 9 نومبر 2018 22:46

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قا سم خان سوری سے نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قا سم خان سوری سے نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین Mr. Zhang Chunxian کی سربراہی میں این پی سی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے 15 رکنی وفد نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ اور قومی اسمبلی آف پاکستان کے مابین روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ چین پاکستان کا بے لوث اور بااعتماد دوست ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے دونوں ممالک کے عوام میں ایک دوسر ے کے لیے عزت و احتر ام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی آف پاکستان اور این پی سی کے مابین قریبی رابطے ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی و سماجی تر قی میں چین کا کردار قابل تحسین ہے۔ گوادر رپورٹ کی تعمیر اور بلوچستان میں دیگر ترقیاتی منصوبوں کا اجراء چین کا بلوچستان کی تر قی و خوشحالی میں گہری دلچسپی کا مظہر ہے۔انہو ں نے کہا کہ چین نے جس تیزی سے ترقی کی ہے اور اپنے عوام کو غربت سے نکالا ہے پوری دنیا کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

پاکستان بھی ملک سے غربت اور کرپشن کے خاتمے اور میعشت کی تر قی کے لیے چین کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے مابین گہرے دوستانہ رشتے کا عملی ثبوت ہے اوراس کی تکمیل سے خطہ میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آ غاز ہو گا، موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کی جلد سے جلد تکمیل چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور ہ چین کے دوران چینی قیادت کی طر ف سے وزیراعظم عمران خان کا جس پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا وہ قابل ستائش ہے۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین سے دوطرفہ تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک سے غربت ، کرپشن اور ملکی میعشت کو مستحکم بنانے کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔

نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین Mr. Zhang Chunxian نے کہا کہ چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اہم علاقائی و عالمی فورمز پر ہمیشہ چین کے موقف کی حمایت کی ہے۔انہو ں نے کہا کہ چین پاکستان سے غربت اور بے روز گاری کے خاتمے اور ملکی میعشت کے استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

انہو ں نے کہا کہ ملک سے غربت اور کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون ساز اداروں اور سیاسی قیادت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، این پی سی اور قومی اسمبلی کے مابین قریبی رابطوں سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسر ے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔ نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین نے ڈپٹی سپیکر کو چین کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر نے و فد کے اراکین کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات