حمزہ شہباز نیب میں چوری، ڈکیتی اور کرپشن کے جرم میں بلائے گئے تھے، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان

جمعہ 9 نومبر 2018 23:19

حمزہ شہباز نیب میں چوری، ڈکیتی اور کرپشن کے جرم میں بلائے گئے تھے، صوبائی ..
لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے یہاں حمزہ شہباز کی نیب میں پیشی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ حمزہ شہباز نیب میں کرپشن کی بارات لے کر پہنچے، انہوں نے اپنے کارکنوں سے اپنے اوپر کئی کلو پھولوں کی پتیاں ایسے نچھاور کروائیں جیسے کہ وہ کشمیر فتح کر کے یادہلی کے لال قلعہ پر پاکستانی پرچم لہرا کر آئے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ میں حمزہ شہباز سے درخواست کروں گا کہ اپنے کارکنان کی ایسی تربیت نہ کریں، ان کو بتائیں کہ آپ دھرتی ماں کے خزانے کی چوری اور ڈکیتی کے جرم میں بلائے گئے تھے، اس لئے آج کم از کم آپ کو نیب میں سر جھکا کر عاجزی کے ساتھ آنا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ کا آج نیب کے باہر رویہ آل شریف اور ان کے حواریوں کی ذہنی اور اخلاقی پستی کا ثبوت ہے۔

فرزند اعلٰی کا چہرہ پاکستان کے عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ باپ بیٹا پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی دس سال خادم اعلٰی اور فرزند اعلٰی بن کے عوام کا پیسہ لوٹتی رہی ہے۔ہم ان سے صرف اتنا کہتے ہیں کہ اپنی کرپشن کا حساب دو، ان لوگوں نے جس طرح پنجاب اور اسکے اداروں میں کھربوں کی لوٹ مار کی ہے اس کے حساب کتاب کا وقت آگیا ہے۔