نوسربازوں نے شہید کی بیوہ کو بھی نہ چھوڑا

شہید محمد شاہد انجم کی بیوہ کا اکاونٹ بھی خالی کر دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 10 نومبر 2018 00:15

نوسربازوں نے شہید کی بیوہ کو بھی نہ چھوڑا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2018ء) نوسربازوں نے وطن پر جان فدا کردینے والے شہید محمد شاہد انجم کی بیوہ کا اکاونٹ بھی خالی کر دیا ،بیوہ کی پنشن کی رقم ہتھیا لی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق کیس ز یر سماعت ہے اور اسی کیس کا بہانہ بنا کر نوسربازوں نے تحقیقات کے بہانے معصوم شہریوں کو لُوٹنا شروع کر دیا ہے۔

آج ہی کی ایک خبر کے مطابق ہیکرز نے ریٹائرڈ فوجی کے بینک سے لاکھوں روپے چرا لیے۔ریٹائرڈ فوجی کا تعلق میاںوالی سے ہے۔اور ہیکرز نے ان کے اکاؤنٹ سے 11 لاکھ روپے نکلوا لیے۔جب کہ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ مجھ سے بینک کے آفیشل نمبر سے کال کر کے اکاؤنٹ سے متعلق تفصیلات لی گئیں تھیں۔بینک کا آفیشل نمبر ہونے کیو جہ سے میں نے تمام معلومات فراہم کیں تھیں جس کے بعد میرے اکاؤنٹ سے 11 لاکھ روپے کا صفایا ہو گیا۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے اب تک کا سب سے افسوسناک کیس جہانیاں میں سامنے آیا ہے۔ جہانیاں میں تیسرا کیس سامنے آیا ہے جس میں ہیکرز نے شہید کی بیوہ کی پنشن کی رقم ہتھیالی۔ اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی اہلکار محمد شاہد انجم 2007ء میں سوات آپریشن میں شہید ہوگیا تھا جس کی بیوہ پنشن حاصل کررہی تھی لیکن کچھ دن قبل اے ٹی ایم کی ڈپلیکیٹ بناکر شہید کے پنشن اکاؤنٹ سے 1 لاکھ 58 ہزار روپے کا صفایا کردیا گیا ہے۔

شہید کے والد نجم الحق نے داد رسی کے لیے مختلف اداروں کو درخواستیں دیں تاہم ابھی تک انصاف کے منتظر ہیں۔ نجم الحق کا کہنا ہے کہ بینک کے عملے سے اے ٹی ایم کی سی سی ٹی وی فوٹیج مانگی جو انہوں نے نہیں دی جب کہ سائبر کرائم ونگ نے بھی تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ یہاں یہ بات غور طلب ہے کہ جہانیاں میں اس سے قبل بھی دو کیسز سامنے آچکے ہیں اور تینوں متاثرہ افراد ایک ہی بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز ہیں۔