بزرگ شہری کی کافی پینے کی دعوت،

سعودی ولی عہد نے شکریہ کے ساتھ ٹھکرادی

ہفتہ 10 نومبر 2018 12:47

بزرگ شہری کی کافی پینے کی دعوت،
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2018ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے القصیم کے علاقے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ عام شہریوں میں گھل مل گئے اور شہریوں کے مسائل بھی سنے۔عرب ٹی وی کے مطا بق القصیم کے دورے کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان کی عام شہریوں سے ہونے والی ملاقات کی ایک فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں شہری ان سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر القصیم گورنری کے ایک بزرگ شہری نے ولی عہد محمد بن سلمان سے کو اپنے گھر میں کافی کی دعوت دی اور کہا کہ کافی تیار ہے۔ اس پر ولی عہد نے کہا کہ اس وقت وہ خادم الحرمین الشریفین کے ہمراہ ہیں اور بہت زیادہ مصروف ہیں تاہم وہ جب دوبارہ اس علاقے کے دورے پرآئے تو ضرور ان کی دعوت پر ان کے گھر پرکافی نوش کریں گے۔بزرگ شہری نے کہا کہ اس کے بیٹے وطن کے سپاہی ہیں۔ اس پر ولی عہد نے کہا کہ آپ کے بیٹے میرے بھائی ہیں۔