Live Updates

نائیکی مصنوعات بنانے والی کمپنی نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں انٹری کی تیاری کر لی

کمپنی کا اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے 5 کروڑ ڈالر سے زائد کا سرمایہ حاصل کرنے کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 10 نومبر 2018 13:26

نائیکی مصنوعات بنانے والی کمپنی نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں انٹری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 نومبر 2018ء) : نائیکی مصنوعات بنانے والی کمپنی نے پاکستان کی اسٹارک مارکیٹ میں انٹری کی تیاری کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ برانڈ ’’نائیکی‘‘ کی مصنوعات بنانے والی کمپنی نے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے 5 کروڑ ڈالر سے زائد کا سرمایہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ کمپنی فیصل آباد میں موجود ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق عالمی برانڈ ’’نائیکی‘‘ اور ’’ایڈیڈاس‘‘ کے لیے مصنوعات بنانے والی فیصل آباد کی ٹیکسٹائل کمپنی نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے 51 ملین ڈالر (تقریباً 6.8 ارب روپے) کا سرمایہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، جس کا مقصد کاروبار کو وسیع کرنا ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹاک مارکیٹ میں پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے تاحال یہ سب سے بڑی رجسٹریشن ہوگی۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کی کمپنی اتنی بڑی سرمایہ کاری کے لیے متوقع طور پر جنوری 2019ء میں 109 ملین شیئرز (اپنے کاروبار کا 12.5) خریداروں کے لیے پیش کرے گی۔ انٹرلوپ لمیٹڈ اس رقم کا استعمال اپنے موجودہ کاروبار کو 20 فیصد تک توسیع دینے اور ڈینم کا بزنس شروع کرنے کے لیے استعمال کرے گی، جس کے ذریعے آئندہ پانچ سال کے دوران اس کی کاروباری صلاحیت دو تہائی تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ فیصل آباد کی کمپنی کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان تحریک انصاف کی نومنتخب حکومت ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے اور بنگلہ دیش اور ویت نام جیسے فریقوں سے مقابلے کے لیے کوشاں ہے۔ حکومت گیس اور بجلی کی قیمتوں میں سبسڈی فراہم کرکے مصنوعات کی لاگت میں کمی لانے کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہے۔ پاکستانی کمپنی کی فیصل آباد اور لاہور کے علاوہ سری لنکا اور بنگلہ دیش میں بھی فیکٹریاں ہیں جن میں تقریباً 16 ہزار افراد کام کرتے ہیں، گذشتہ مالی سال میں انٹرلوپ لمیٹڈ نے 31 ارب روپے کمائے تھے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اقدامات شروع کر دئے تھے جس کے بعد اب پاکستان تحریک انصاف کی معاشی پالیسی کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ملکی سرمایہ کاروں سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔

ملک بھر میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی وجہ پاکستان تحریک انصاف کی معاشی پالیسیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔ اکتوبر میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 63 فیصد اضافے کے ساتھ 1395 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ جس کے بعد ایس ای سی پی میں رجسٹر کمپنیوں کی کُل تعداد 92 ہزار 109 ہو گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق نئی رجسٹر کی گئی کمپنیوں میں سے 65 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے جو پاکستان تحریک انصاف کی مؤثر معاشی پالیسی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات