کرنسی اسمگلنگ کیس؛ ایان علی نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری چیلنج کردئیے

عدالت نے ملزمہ ایان علی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے کسٹم ٹیم کو نوٹس جاری کردیا

ہفتہ 10 نومبر 2018 14:38

کرنسی اسمگلنگ کیس؛ ایان علی نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری چیلنج کردئیے
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2018ء) ماڈل ایان علی نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں کسٹم عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کردیا۔راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی کیس کی سماعت ہوئی، کسٹم جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث سماعت ڈیوٹی جج بینکنگ عدالت نے کی، دوران سماعت ملزمہ ایان علی نے نئے وکیل کے توسط سے اپنے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کردیا۔

ملزمہ کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ایان علی کی بیماری کی درخواست اور میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے باوجود وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے، ایان علی کے نئے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملزمہ 8 دسمبر تک عدالت میں پیش ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمہ ایان علی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے کسٹم ٹیم کو نوٹس جاری کردیا اور مقدمہ کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب ایان علی کے نئے وکیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایان علی کی صحت بہت بہتر ہوگئی ہے، وہ جلد پاکستان واپس آرہی ہیں۔واضح رہے کہ ایان علی کے پرانے وکیل سردار لطیف کھوسہ کو باقاعدہ تبدیل کردیا گیا ان کی جگہ بیرسٹر سرفراز میتو اور افتخار باجوہ ایان علی کیس کے نئے ایڈووکیٹس مقرر ہوئے ہیں، دو رکنی وکلاء کی نئی ٹیم نے عدالت میں وکالت نامے پیش کیے۔یاد رہے کہ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے پاس سے 6 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔