عطاء الحق قاسمی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا

میں آئندہ ایک ماہ میں ہی سپریم کورٹ کے فیصلے پر پٹیشن دائر کروں گا۔ عطاء الحق قاسمی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 10 نومبر 2018 13:37

عطاء الحق قاسمی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 نومبر 2018ء) : سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ عدالت نے جو فیصلہ دیا ، میں اس فیصلے کو تسلیم کرتا ہوں کیونکہ یہ ہماری عدلیہ ہے ، عدلیہ کے فیصلوں سے اختلاف تو کیا جا سکتا ہے لیکن انکار نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک ماہ کے اندر اس فیصلے پر پٹیشن دائر کروں گا اور اس کے بعد دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس پوسٹ کے لیے اپلائی نہیں کیا تھا۔ میری پوسٹنگ کے لیے وہی طریقہ کار اختیار کیا گیا تھا جو دوسری ملازمتوں کے لیے ہوتا ہے۔ اور مجھے ایم ڈی کہا جارہا ہے حالانکہ میں ایم ڈی نہیں تھا ، میں چئیرمین تھا۔

(جاری ہے)

چئیرمین تعینات ہونے کے کچھ عرصہ کے بعد میں ایک ہفتے کے لیے ایم ڈی بنا تھا جب بہت سارے مسائل پیش آئے تھے اور کافی تنخواہیں بھی رُک گئی تھیں۔ پھر ایک طریقہ ہوتا ہے کہ اگر کسی وجہ سے بورڈ آف ڈائریکٹرز اکٹھے نہ ہو رہے ہوں تو ان کے گھروں میں جا کر ان کے دستخط لے لیے جاتے ہیں۔اسی وجہ سے کچھ عرصہ کے لیے مجھے ایم ڈی کا عہدہ دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے عطاءالحق قاسمی کو دی گئی تنخواہ اور مراعات واپس لینے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے عطاء الحق قاسمی کی بطور ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں عطاء الحق قاسمی کو دی جانے والی تنخواہ اورمراعات کو بھی غیرقانونی قرار دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گہا کہ عطاء الحق قاسمی کے بطور ایم ڈی پی ٹی وی تمام فیصلے غیر قانونی ہیں۔

عطاء الحق قاسمی کی تنخواہوں اور مراعات پر 19 کروڑ 78 لاکھ سے زائد خرچ آئے، رقم پرویزرشید، اسحاق ڈار اور فوادحسن فواد سے وصول کی جائے۔ عدالت نے عدالت عظمیٰ نے ڈائریکٹرپی ٹی وی تعیناتی اورعطاالحق قاسمی کے بطورایم ڈی لیے جانے والے تمام فیصلوں کو بھی غیرقانونی قرار دیا ۔ عطاء الحق قاسمی کو 23 دسمبر2015ء کو پاکستان ٹیلی ویژن کا چیئرمین تعینات کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ رواں برس 26 فروری کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔