عید میلاد النبیؐ شایان شان انداز میں عقیدت واحترام سے منائیں گے ،ْ وفاقی وزیر نور الحق قادری

12ربیع الاول پر جلوسوں کی خصوصی کوریج کا اہتمام کیا جائے گا ،ْوزیر اطلاعات چوہدری فواد

ہفتہ 10 نومبر 2018 14:55

عید میلاد النبیؐ شایان شان انداز میں عقیدت واحترام سے منائیں گے ،ْ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اعلان کیا ہے کہ عید میلاد النبیؐ شایان شان انداز میں عقیدت واحترام سے منائیں گے۔ہفتہ کو رحمت العالمینؐ کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں ، آرگنائزیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عید میلاد النبیؐ کی تیاریوں کو مربوط بنانے کے لئے تجاویز اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اجلاس کی صدارت کی ۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری ، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان ، معاون خصوصی وزیراعظم افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نورالحق قادری نے کہ اکہ عید میلاد النبیؐ شایان شان انداز میں عقیدت واحترام سے منائیں گے ، تقاریب میں اسوہ رسول ؐ اور حیات طیبہ کو اجاگرکیا جائے گا ، عالمی سیرتؐ کانفرنس کا انعقاد ربیع الاول میں ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی عظمت اور حرمت ہر مسلمان پر فرض ہے ،پی ٹی وی اور ریڈیو قرات ، نعت خوانی اور دیگر پروگرامز ترتیب دیں گے ۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ پروگراموں میں حضور اقدسؐ کی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے گا ۔ 12ربیع الاول پر جلوسوں کی خصوصی کوریج کا اہتمام کیا جائے گا ۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ رحمتہ العالمین کانفرنس 11اور12ربیع الاول کو ہوگی ۔