Live Updates

وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے والوں کے لئے پناہ گاہ کے قیام کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے

پناہ گاہ کا مقصد ایسے لوگوں کی عزت نفس کی بحالی، ضرورت مند لوگوں کی ضرورت پوری کرنا،محفوظ جگہیں قائم کرنا،انہیں لاحق خطرات کم کرناہے

ہفتہ 10 نومبر 2018 15:00

اسلام آباد ۔10 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے والوں کے لئے پناہ گاہ کے قیام کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق لاہور شہر کے مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں لوگ کھلے آسمان تلے فٹ پاتھوں او ردیگر جگہوں پر سو کر رات گزارتے ہیں، ایسے لوگوں کی تعداد کے بارے میں مختلف اندازے اور تخمینے لگائے گئے ہیں۔

کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے والے یہ لوگ زیادہ تر داتا دربار اور ریلوے اسٹیشن کے ارد گرد کے علاقوں، اچھرہ اور چوبرجی وغیرہ کے قریب دیکھے جا سکتے ہیں۔ان لوگوں کی اکثریت کو بنیادی سہولتوں مثلاً صاف ستھرا ہونے، کپڑے دھونے،محفوظ طو رپر رات گزارنے اور ابتدائی طبی امداد کے لئے موزوں جگہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

جس پناہ گاہ کا سنگ بنیاد وزیراعظم لاہور میں رکھیں گے اس کا مقصد ایسے لوگوں کی عزت نفس کی بحالی، ضرورت مند لوگوں کی ضرورت پوری کرنا،محفوظ جگہیں قائم کرنا،انہیں لاحق خطرات کم کرنااو رشہریوں اور ریاست کی سماجی ذمہ داری کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔

پناہ گاہ کی عمارت میں جگہ کابہترین استعمال یقینی بنایا جائے گاجہاں تمام سہولتیں علیحدہ علیحدہ میسر ہوں گی،سادگی اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے جدید اور بنیادی ڈیزائن کا استعمال کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات