Live Updates

نوازشریف کسی مصلحت کے تحت خاموش رہے،احسن اقبال

ابھی حکومت کیخلاف کسی تحریک کے موڈ میں نہیں، چاہتے ہیں حکومت اپنی ناکامیوں کے بوجھ تلے دب جائے، حکومت کو کھلی چھٹی دی ہے، اناڑی اور ناتجربہ کار حکومت کی بنیاد کھوکھلی ہے۔ ن لیگ کے سینئر مرکزی رہنماء احسن اقبال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 نومبر 2018 15:01

نوازشریف کسی مصلحت کے تحت خاموش رہے،احسن اقبال
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے کہا ہےکہ نوازشریف کسی مصلحت کے تحت خاموش رہے،ابھی حکومت کیخلاف کسی تحریک کے موڈ میں نہیں، چاہتے ہیں حکومت اپنی ناکامیوں کے بوجھ تلے دب جائے، حکومت کو کھلی چھٹی دی ہے، اناڑی اور ناتجربہ کار حکومت کی بنیاد کھوکھلی ہے۔ انہوں نے آج یہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں احتساب کا عمل اہمیت کا حامل ہے۔

کرپشن کا راستہ روکنے کیلئے احتساب کا عمل ضروری ہے۔ احتساب کے عمل کو انتقامی کارروائی کانشانہ بنانا ناانصافی ہے۔ نیب کا درست قانون تب ہی بن سکتا ہے جب قومی اتفاق رائے ہو۔ پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کرنیب کا نیا قانون بنانے کی کوشش کی مگراتفاق رائے نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

حکومت کو اپوزیشن کا کوئی خوف نہیں ہے بلکہ ان کو خوف اپنی نااہلی سے ہے۔ سعد رفیق کا پارلیمانی کردار روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

  انہوں نے کہا کہ نوازشریف کسی مصلحت کے تحت خاموش رہے۔ ابھی حکومت کیخلاف کسی تحریک کے موڈ میں نہیں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں حکومت خود اپنی ناکامیوں کے بوجھ تلے دب جائے۔ ہم نے حکومت کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہےکہ کام کرکے دکھائیں۔ حکومت کوشہید نہیں بنانا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اناڑی، ناتجربہ کار حکومت کی بنیاد کھوکھلی ہے۔ وزیراعظم نے اقتدار میں آتے ہی گاڑیاں اور بھینسیں نیلام کیں۔

نااہل حکومت نے جھوٹ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔عمران خان نے کہا تھا 2 ارب ڈالر واپس لے کرآؤں گا۔ 200 ارب ڈالر واپس آنے تھے مگرابھی تک 2 ڈالر واپس نہیں لاسکے۔ لیکن اب ان کے وعدے کہاں ہیں؟ دراصل 200ارب خیالی بلبلہ تھا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ حکومت نے اپنے ووٹرز کو مایوس کیا۔ عمران خان ہر بندے کو عہدہ بانٹ رہے ہیں۔ دوہری شہریت والوں کو بھی عہدے دیے گئے۔

جس نے بھی عمران خان کوکھانا کھلایا اس کووزیر بنا دیا۔ پشاور میں ابھی بھی ترقیاتی کام جاری ہے۔ پشاورمیں منصوبے مکمل ہونے میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ ن لیگ نے جو منصوبے شروع کیے انھیں وقت پر مکمل کیا۔ موٹروے جیسے منصوبے سے پاکستان بھر کے لوگ باآسانی سفر کرسکتے ہیں۔ ن لیگ کا موٹر وے کا منصوبہ ابھی بھی جاری ہے۔ چار سال میں 12 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی۔

ہماری حکومت نےسی پیک اور کراچی کو امن کو ترجیح بنایا۔ ہمارا سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ سی پیک منصوبہ بن گیا۔ ایک سازش کے تحت ہماری حکومت کا راستہ روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کےذریعے ملک میں امن قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اصولوں پر قربانی دے سکتے ہیں مگر سمجھوتا نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد ہر صوبہ خودمختار ہے۔ ہرصوبہ اپنے لیے کام خود کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات