ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہیں، دہشتگردی کی جنگ سمیت ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی کمانڈنٹ پاکستان نیول وار کالج ایڈمرل نوید احمد رضوی کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو

ہفتہ 10 نومبر 2018 16:46

ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں منفرد مقام رکھتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہیں اور دہشتگردی کی جنگ سمیت ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈنٹ پاکستان نیول وار کالج ایڈمرل نوید احمد رضوی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں پاک بحریہ سمیت ملکی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مسلح افواج پر فخرہے، ہماری بحری فوج دشمن کے ہر حربے سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ ن انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج اور عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، ہمیں اس بات پرفخر ہے کہ ہمارا ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، جس کی وجہ سے ہماری سرحدیں محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا ہماری مسلح افواج کی صلاحیتوں کی تعریف کرتی ہے، ہماری افواج ملک میں پیش آنے والے ہر مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زلزلہ، سیلاب،اور دیگر ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے ملکی تعمیر و ترقی کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر ترقی کے لیے تمام ریاستی اور قومی ادار وں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ن پاک۔چین اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبے کی تکمیل کے بعد ملکی اور غیر ملکی کاروبار کا دارومدار سمندری بندرگاہوں کے راستے کے ذریعے ممکن ہو گا۔ جس میں پاک۔بحریہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل سمجھاجائے گا۔ اسپیکر نے ملکی اور غیر ملکی سیاحت کے فروغ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان نیوی کو بندرگاہوں پر تفریحی مقامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

سپیکر نے کہا کہ پاک نیوی کو دنیاکے جدید تقاضوں کے مطابق اپنے شعبے میں مزید اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔نکمانڈنٹ پاک۔نیول وار کالج رئیرایڈمرل نوید رضوی نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پاک۔ نیوی کی تعریف کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان بحریہ ملکی دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔ بحریہ اپنے دفاعی کارناموں کی وجہ سے دنیا بھرمیں جانی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک۔بحریہ ملکی دفاع سمیت دیگر ملکی تعمیر ترقی کے منصوبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی موجودہ سال کو میری ٹائم آگاہی کے سال کے طورپر منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوی وار کالج کے کورس میں ہم پارلیمنٹرینز کی شرکت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں اس کے لیے ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہو گی۔