سعودی عرب میں شدید بارشوں سے نظام زندگی معطل ہوگیا،ْنشیبی علاقے ڈوب گئے

سعودی عرب اور اردن میں بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہنے کی توقع

ہفتہ 10 نومبر 2018 18:10

سعودی عرب میں شدید بارشوں سے نظام زندگی معطل ہوگیا،ْنشیبی علاقے ڈوب ..
ریاض/عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2018ء) سعودی عرب میں شدید بارشوں سے نظام زندگی معطل ہوگیا۔عالمی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور جدہ میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے ڈوب گئے ،ْکئی فٹ بارشوں کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی گاڑیاں بہہ گئیں اور ذرائع آمدورفت معطل ہوگئے۔ریاض شہر کی مختلف شاہراہوں اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو اداروں نے پانی میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دوسری جانب اردن کے قدیم ترین شہر ‘‘پیٹرا’’میں آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ بحیرہ مردار کے سیلاب زدہ علاقے سے 4 ہزار سیاحوں اور مقامی افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔سعودی عرب اور اردن میں بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہنے کی توقع کی جارہی ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو بھی خبردار کردیا ہے۔