بینک آف پنجاب کے صدرنعیم الدین خان عہدے سے مستعفی

اب کسی نوجوان کوسربراہ لگانا چاہیے، استعفے کیلئے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا، نعیم الدین خان نے استعفیٰ متعلقہ حکام کوارسال کردیا، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 نومبر 2018 18:13

بینک آف پنجاب کے صدرنعیم الدین خان عہدے سے مستعفی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر 2018ء) بینک آف پنجاب کے صدرنعیم الدین خان نےعہدے سے استعفیٰ دے دیا، اب کسی نوجوان کوسربراہ لگانا چاہیے، استعفے کیلئے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا، نعیم الدین خان نے استعفیٰ متعلقہ حکام کوارسال کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بینک آف پنجاب کے صدرنعیم الدین خان نےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر استعفے کیلئے کوئی دباؤ نہیں تھا۔

اپنی 10سالہ مدت پوری کی ہے۔ اب کسی نوجوان کوسربراہ لگانا چاہیے۔ نعیم الدین نے کہا کہ استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بناء پردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بینک جوائن کیا تو17 ارب روپے کا خسارہ تھا۔ اب بینک کا 12 ارب روپے سالانہ منافع ہے۔ نعیم الدین خان نے اپنا استعفیٰ گورنراسٹیٹ بینک، وزیر خزانہ اور سیکرٹری خزانہ پنجاب کو ارسال کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 60 ارب روپے کے ڈیفالٹرز کیسز نیب اور عدالتوں میں ہیں اوریہ رقم جلد بینک کو مل جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر ) سے ٹیکس پالیسی بنانے کا اختیار واپس لے لیتے ہوئے علیحدہ پالیسی بورڈ تشکیل دینے کی منظوری دی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے صحافیوں کو آگاہ کیا کہ حکومت نے ٹیکس پالیسی بنانے کے لیے نیا بورڈ تشکیل دیا ہے جس میں وزیر خزانہ، وزیرتجارت اور اقتصاد و معاشی ماہرین شامل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے لبرٹی کے نام سے نئی ایئرلائن کو لائسنس دینے کی منظوری بھی دے دی ہے جب کہ ایس ای سی پی کا نیا بورڈ تشکیل دے کر احمد نواز سکھیرا کو سرمایہ کاری بورڈ کا سیکرٹری بنایا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ متروکہ وقف املاک کی تنظیم نو کا فیصلہ بھی کیا گیا۔