لاہور چیمبر کا پانچ روزہ ایکسپورٹ مینجمنٹ پروگرام انتہائی کامیابی کے ساتھ مکمل

ہفتہ 10 نومبر 2018 19:08

لاہور چیمبر کا پانچ روزہ ایکسپورٹ مینجمنٹ پروگرام انتہائی کامیابی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا پانچ روزہ ایکسپورٹ مینجمنٹ پروگرام انتہائی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا، پروگرام کے شرکاء نے برآمدات کے شعبے میں قدم رکھنے کے لیے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے وسیع تجربے اور مہارت سے استفادہ کیا۔ یہ پروگرام لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل کی سفارشات کی روشنی میں تیار کیا گیا تھا جس کا مقصد نوجوان تاجروں کو برآمدات کے لیے بہترین مہارت سے آراستہ کرنا تھا۔

اختتامی تقریب میں ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ پروگرام کا افتتاح کلکٹر کسٹمز جمیل ناصر اور لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر کے ایکسپورٹ مینجمنٹ پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوان تاجروں کو برآمدی شعبے میں قدم رکھنے کی ترغیب دینا اور برآمدات و عالمی تجارت سے متعلق قواعد و ضوابط کے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا تاکہ وہ ملکی برآمدات کو بڑھانے میں اپنا خاطر خواہ کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات کا موجودہ حجم پاکستان میں موجود پوٹینشل کی عکاسی نہیں کرتا لہٰذا نوجوان تاجروں کو آگے آکر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا ہوگا۔ لاہور چیمبر ماضی میں ایسے پروگرامز باقاعدگی سے منعقد کرواتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ اقدامات اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے شرکاء کو برآمدات کے فروغ کے لیے سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کام کرنا چاہیے، ویلیوایڈیشن، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق و ترقی کے ذریعے مطلوبہ اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے ایکسپورٹ مینجمنٹ پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے۔