Live Updates

پاکستان اور چین خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں ،

دونوں ملک ترقی کے مشترکہ ویژن میں شراکت دار ہیں،چین اور پاکستان کی دوستی کی ایک لازوال تاریخ ہے اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،دونوں ممالک ایشیاء کی تقدیر کو بدل سکتے ہیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا چین کی نیشنل پیپلزکانگرس کی قائمہ کمیٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

ہفتہ 10 نومبر 2018 20:04

پاکستان اور چین خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کہ پاکستان اور چین خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں اور دونوں ممالک ایشیاء کی تقدیر کو بدل سکتے ہیں ۔ چین کی نیشنل پیپلزکانگرس کی قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین ژانگ چنژان کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں اور دونوں ملک ترقی کے مشترکہ ویژن میں شراکت دار ہیں ۔

چیئرمین سینیٹ نے وفد کے سربراہ کو چین میں ہونے والی پہلی بین الاقوامی ا مپورٹ ایکسپو پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایکسپو پاکستان کیلئے انتہائی اہم تھا کیونکہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی اس میں شریک ہوئے اوراعلیٰ سطح پر اہم امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چین کے صدر ژی جن پنگ کی سماجی ترقی کی حکمت عملی کو سراہا جس کے تحت لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکال کر بہتر معیار زندگی فراہم کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی حکمت عملی بھی بہتر طرز حکمرانی ، غربت کے خاتمے اور کرپشن کے تدارک کے گرد گھومتی ہے جو کہ چین کی قومی ترقی کے ایجنڈے ساتھ مماثلت رکھتی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے گوادر میں حال ہی میں منعقد ہونے والی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ 23 ممالک کے 100 مندوبین اجلاس میں شریک ہوئے جو کہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ایشیائی ممالک خطے کی ترقی اور معاشی خوشحالی میں گوادر کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں ۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر خطے کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اپنے دورہ چین کا ذکر کر تے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر دوطرفہ تعاون کیلئے نئی راہیںہموار کی جا سکتی ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے گوادر میں چین کی جانب سے گرین گوادر منصوبے کے تحت 1 ملین درخت لگانے کے اقدام کو سراہا اور چین کی حکومت ، قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی کی ایک لازوال تاریخ ہے اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔چینی وفد کے رہنما نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تجارت دونوں ممالک کی ترقی کیلئے اہم ہے اور دوطرفہ تعاون میں معاشی ترقی کو اہمیت حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ تعاون کی ایک نئی سمت متعین کرے گا اورصوبہ بلوچستان پر بھی ترقی کے اثرات مرتب ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے لحاظ سے وزیراعظم عمران خان کا دورہ انتہائی مفید ہے ۔چینی وفد نے بتایا کہ بھاری سرمایہ کاری کے ذریعے گوادر میں مختلف صنعتیں لگائی جائیں گی جس سے دونوں ملکوں کو معاشی و اقتصادی سطح پر فائدہ ہوگا اور تعاون کیلئے نئی راہیں بھی ہموار ہونگی ۔چینی وفد نے بلوچستان کے طلبا کو ٹیکنکل شعبوں میں تربیت دینے اور ان کی مہارت بڑھانے کے حوالے سے یقین دہانی بھی کرائی ۔ملاقات میں سینیٹرز کہدہ بابر ، دلاور خان ، احمد خان ، نگہت مرزا، سپیشل سیکرٹری سینیٹ محمد انور بھی موجود تھے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات