Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی اداروں کے استحکام کے لیے کوشاں ہے، علی محمد خان

ہفتہ 10 نومبر 2018 20:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں کی ناکام اور کمزور پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی اداروں کے استحکام کے لیے کوشاں ہے تاکہ ملک کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کے نظام کی بہتری کے لیے بھی کوشاں ہیں، احتساب کے نظام کو بہتر بنانے سے بہتر نتائج کے حصول میں مدد ملے گی۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اگر ہم ڈلیور کریں گے تو آئندہ عام انتخابات میں بھی لوگ پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور آصف علی زرداری پر دائر کیسز سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، نیب ایک آزاد ادارہ ہے جو بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دوست ممالک کے حالیہ دوروں کا بہت فائدہ ہو گا اور ملنے والے فنڈز کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز اور متحرک قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات