Live Updates

گورنرچوہدری سرورکا وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی حمایت کا اعلان

عثمان بزدار وزیراعظم کے ویژن پرعمل پیرا ہیں، ہم عثمان بزدار کے ساتھ ہیں، عثمان بزار صوبے میں تبدیلی کی جدوجہد کررہے ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 نومبر 2018 19:53

گورنرچوہدری سرورکا وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی حمایت کا اعلان
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر 2018ء) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی حمایت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار وزیراعظم کے ویژن پر عمل پیرا ہیں،ہم عثمان بزدار کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عثمان بزار صوبے میں تبدیلی کی جدوجہد کررہے ہیں۔ ہم پنجاب میں ترقی کے سفر میں عمران خان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہیں۔ہم عثمان بزدار کے ساتھ ہیں۔ دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہو اہے۔جس میں دونوں جانب سے مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویز الٰہی اورچوہدری سرور دونوں نے پنجاب حکومت کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات کی ریکارڈنگ فوٹیج سامنے آئی ہے۔ ملاقات میں طارق بشیر چیمہ بھی موجود تھے، چودھری پرویز الٰہی نے جہانگیر ترین سے کہا کہ ’’یار اس سرور نوں کنٹرول کرو‘‘ جس پر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آپ کے چیف منسٹر کو اس نے چلنے نہیں دینا۔

ملاقات میں سینیٹ الیکشن میں درپیش چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔ مسلم لیگ ق کی قیادت نے جہانگیرترین سے شکوہ کیا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کے تحفظات بڑھ رہے ہیں۔اراکین اسمبلی کوترقیاتی فنڈ نہیں دیے جارہے ہیں۔ جس پر ارکان اسمبلی پریشان ہیں۔اراکین کے تحفظات دور نہ ہوئے سینیٹ الیکشن مشکل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرائیں فیکٹر الیکشن پر اثر انداز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ارکان کے شکوے دور نہ ہوئے تونقصان ہوگا۔پی ٹی آئی کے ارکان بھی شکوے کررہے ہیں۔عثمان بزدار کو کامیاب بنانا ہے توان کواختیار ات بھی دینے ہوں گے۔ صوبائی ارکان کے حلقوں کے کام نہیں ہورہے ہیں۔ ویڈیو لیک ہونے کے بعد اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ گورنر پنجاب چودھری سرور سے ان کے دیرینہ اور بہت اچھے تعلقات ہیں، کسی بھی پارٹی اور اتحاد کے رہنماؤں کی میٹنگز میں گلے شکوے معمول کی بات ہے، میری چودھری سرور سے بات بھی ہوئی ہے۔

پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی سے ہمارا اتحاد احسن طور پر چل رہا ہے، جہانگیر ترین سے ملاقات میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے اپنے انتخابی حلقہ میں مداخلت کے حوالہ سے دیرینہ گلہ کا اظہار کیا اور گھر میں بیٹھ کر اپنے اتحادی رہنما سے یہ شکوہ کوئی ایسی غیرمعمولی بات نہیں تھی جس کو ایشو بنانے کی کوشش کی گئی، میٹنگ کی اندرونی بات کو اس طرح نہیں اچھالنا چاہئے کیونکہ پارٹی میٹنگز میں ارکان اسمبلی کھل کر اپنی شکایات اور مسائل کا اظہار کرتے ہیں جن کو پارٹی قیادت کی جانب سے حل بھی کیا جاتا ہے اگر ایسا نہ ہو تو اس کا اثر سیکرٹ بیلٹ پر پڑتا ہے، الیکشن سے پہلے ووٹروں کی جانب سے گلے شکوے ہم سے بھی کئے جاتے ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گورنر چودھری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار دونوں کو پی ٹی آئی کے سربراہ وزیراعظم عمران خان نے نامزد کیا ہے۔ ان سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں، سیاسی جماعتوں اور اتحادیوں میں گلے شکوے اور تحفظات ہوتے ہیں جو دور بھی ہوتے رہتے ہیں، ہم وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا نیک نیتی سے اور بھرپور ساتھ دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار بہت اچھا کام کر رہے ہیں، ہمارے اور پی ٹی آئی کے ارکان ان کا مکمل ساتھ دے رہے ہیں۔ حمزہ شہباز کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن کو مشترکہ طور پر فیس کرنا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے آج کی میٹنگ کے حوالے سے کہا کہ پنجاب میں دس سال سناٹا رہاہے کسی کو حکمران جماعت کی میٹنگز میں گلے شکوے تو کیا بات کرنے کی بھی جرأت نہیں ہوتی تھی کیونکہ شہبازشریف کے مائنڈ کرنے پر پولیس اختلاف کرنے والے کے گھر پہنچ جاتی تھی لیکن ہم نے ہمیشہ اپنے ووٹروں اور ساتھیوں کے ہر گلہ شکوہ اور تنقید کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات