Live Updates

صوبائی وزیر سماجی بہبود محمد اجمل چیمہ کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 10 نومبر 2018 20:26

فیصل آباد۔10 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود محمد اجمل چیمہ نے ڈپٹی کمشنر سردارسیف اللہ ڈوگر سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور مختلف انتظامی ومحکمانہ امورکے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ عوامی فلاح وبہبود اور ریلیف کے سلسلے میں حکومتی پالیسیوں پرمستعد انداز میں عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی،شجرکاری اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے مقررہ اہداف کے حصول میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر اوپن ڈور پالیسی پرذمہ داری سے عمل پیرا ہیں اور عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سرکاری دفاتر میں اعلیٰ نظم ونسق کویقینی بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے جبکہ محکموںکی کارکردگی کو بھی باقاعدگی سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔

صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر نے کہا کہ شعبہ تعلیم وصحت کی ترقی حکومتی ترجیحات میں سر فہرست ہے جس کے لئے دوررس نتائج کی حامل پالیسیاں متعارف کرائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر سمیت دیگر شعبوں واداروں کی کارکردگی کے معیار میں بھی بہتری لائی جارہی ہے۔اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے تحت کام کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کو ترقی کے لحاظ سے مثالی بنایا جائے گا۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات