ملک میں نئے صوبوں کا قیام بے حد ضروری ہے، صوبہ ہزارہ کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا، مشتاق غنی

ہفتہ 10 نومبر 2018 20:56

ملک میں نئے صوبوں کا قیام بے حد ضروری ہے، صوبہ ہزارہ کے قیام میں کوئی ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام بے حد ضروری ہے، صوبہ ہزارہ کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا، جنوبی پنجاب کے ساتھ ہمارا صوبہ بھی بنے گا، قائد تحریک صوبہ ہزارہ بابا سردار حیدر زمان مرحوم کی کمی محسوس کی جا رہی ہے، بابا نے جو نظریہ دیا وہ ختم نہیں ہو سکتا، ایوان میں صوبہ ہزارہ کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

وہ ہفتہ کو ہزارہ ہومیوپیتھک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مسعود اختر تنولی کی رہاش گاہ پر مرحوم بابا حیدر زمان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحصیل ناظم اسحق ذکریا، تحریک صوبہ ہزارہ کے عبوری چیئرمین سلطان العارفین جدون، ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر محمد شاہد چوہدری، ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر نوید عالم، سابق تحصیل ناظم جنید تنولی، ہائیڈرو یونین کے ڈویژنل چیئرمین جمیل اختر تنولی، انجمن اتحاد شہریاں کے صدر ملک محمد سجاد سمیت تحریک صوبہ ہزارہ کے عہدیداران، ہومیو پیتھک ایسوسی ایشن کے ممبران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ہزارہ ہومیو پیتھک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مسعود اختر تنولی نے اپنے خطاب میں ایبٹ آباد یونیورسٹی کا نام قائد تحریک بابا سردار حیدر زمان مرحوم کے نام سے رکھنے کا مطالبہ کیا۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے کہا کہ تحریکیں کبھی ختم نہیں ہوتیں، نظریہ پر کاربند رہ کر جدوجہد کرنی چاہئے، عوامی نیشنل پارٹی نے صوبہ کے نام کی تبدیلی کیلئے طویل جدوجہد کی، تب جا کر اپنے مقصد میں وہ کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں صوبہ کا نام تبدیل کرنے کے بعد مزاحمت سامنے آئی، تمام سیاسی جماعتوں نے بغیر کسی پارٹی جھنڈے کے بابا کی قیادت میں تحریک شروع کی، کاروان ہزارہ جب شروع ہوا تو ہر جانب سے صرف صوبہ ہزارہ ہی کی صدا بلند ہو رہی تھی پھر ہزارہ کے شہداء کے بعد الگ صوبہ کی ضرورت کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب 12 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ہے، زیادہ آبادی کے تناسب سے وسائل کی تقسیم میں نفرتیں جنم لیتی ہیں، انتظامی بنیادوں پر صوبوں کا قیام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں صوبہ کی ضروریات کے مطابق اداروں کا قیام امن میں لایا جا رہا ہے، جب بھی صوبہ بنے تو ایسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، حویلیاں۔ دھمتوڑ بائی پاس کو بابا سردار حیدر زمان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔