اردن ، بارشوں کے باعث سیلاب نے تباہی مچادی ،11 افراد جاں بحق ،

4ہزار سیاح متاثر اردنی فوج کے ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کو امدادی کاموں کے لیے روانہ کردیا گیا ہے ، جاں بحق افراد میں ایک امدادی کارکن بھی شامل ہے، سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ، ترجمان شہری دفاع

ہفتہ 10 نومبر 2018 20:56

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2018ء) اردن میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 ہزار سیاح بھی متاثر ہوئے جنہیں فوری طور پر قدیم صحرائی شہر البترا سے بے دخل ہونا پڑا۔ اردن کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان عیاد عمرو نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ امدادی ٹیمیں تاریخی پہاڑی قصبے مدابا کے قریبی وادیوں میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیمیں ایک روز قبل سیلاب کے باعث لاپتہ ہونے والی 2 لڑکیوں کو تلاش کر رہی ہیں۔دارالحکومت عمان کے جنوبی مغربی علاقے بھی بارش سے متاثر ہوئے جہاں سیلاب سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔اردن میں سیلاب سے ہونے والی دیگر ہلاکتوں میں ڈیزرٹ ہائی وے پر الضبعہ کے قریب 3 افراد جنوبی شہر معان میں ایک شہری جاں بحق ہوا۔

(جاری ہے)

سرکاری ترجمان جمانا غنیمت کا کہنا تھا کہ ہائی وے دونوں اطراف سے منقطع ہے۔شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اردنی فوج کے ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کو امدادی کاموں کے لیے روانہ کردیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد میں ایک امدادی کارکن بھی شامل ہے۔حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ اب تک 3 ہزار 762 سیاحوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے۔یونیسکو کی جانب سے 1985 میں عالمی ورثہ قرار دیے جانے کے بعد البترا شہر میں سالانہ ہزاروں سیاح آتے ہیں جہاں تراشیدہ چٹانوں کا خزانہ، مندر اورمقبرے موجود ہیں۔البترا شہر کی عمارتوں کو انڈیانا جونز اور لاسٹ کروسیڈ سمیت ہالی ووڈ کی کئی شہرہ آفاق فلموں کے لیے سیٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔۔