Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت عوامی ترقی کے ایجنڈے کی طرف گامزن ہے،100روزہ

ایجنڈے پردرست سمت میں جا رہے ہیں، تحریک انصاف کی 75 دنوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا استقبالیے سے خطاب

ہفتہ 10 نومبر 2018 22:27

تحریک انصاف کی حکومت عوامی ترقی کے ایجنڈے کی طرف گامزن ہے،100روزہ
ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی 75 دنوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ ہم سے 75 دن کا حساب مانگنے والے گزشتہ 40سالوں کا حساب دیں۔ 100روزہ ایجنڈے پردرست سمت میں جا رہے ہیں۔ سابقہ حکومت 266 ارب روپے روزانہ کاقرضہ چھوڑ کر گئی ہے۔ جس ملک میں آمدن کم اور اخراجات زیادہ ہوں وہاں مسائل زیادہ ہوتے ہیں۔

سابقہ حکمرانوں کے پیدا کردہ مسائل ہم بھگت رہے ہیں۔ گزشتہ کئی عشروں سے پاکستان میں پی پی اور ن لیگ اقتدار میں رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156کی یونین کونسل 41 کے وائس چیئرمین ملک عرفان کھوکھر کی جانب سے دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں رکن صوبائی اسمبلی ندیم قریشی سمیت تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا تحریک انصاف کی حکومت عوامی ترقی کے ایجنڈے کی طرف گامزن ہے۔ سابقہ ادوار میں کرپشن کی گئی اور عوام کے ٹیکسوں سے وصول شدہ رقم کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ اب ان سے حساب مانگا جا رہا ہے جس پر پی پی اور ن لیگ چور مچائے شور کا راگ آلاپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ نہایت اہم منصب ہے ۔ ملک کا مقدمہ لڑنے کیلئے ملکوں ملکوں سفر کرنا پڑتا ہے تاہم اپنی وزارتی ذمہ داریوں میں جو بھی وقت نکلتا ہے فوراً اہل حلقہ سے رابطے کیلئے ملتان آتا ہوں۔

عوام سے محبت کا رشتہ قائم ہے۔ الیکشن میں کئے گئے وعدے پورے کرونگا۔ حلقے کی ترقی کیلئے تمام وسائل اور توانیاں بروئے کار لاونگا۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا اپنی رہائش گاہ باب القریش سیکرٹریٹ ملتان میں صبح 9بجے سے سہ پہر 2بجے تک موجود رہے۔ جہاں حلقہ این اے 156 اور 157 کی سینکڑوں شخصیات ان سے ملیں اور اپنے مسائل بیان کئے ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات