Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں رشید اسمگلنگ میں ملوث

این اے 169 بہاولنگرسے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر میاں عبدالرشید کے ڈیزل اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 11 نومبر 2018 11:30

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں رشید اسمگلنگ میں ملوث
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-11 نومبر 2018ء) :این اے 169 بہاولنگرسے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر میاں عبدالرشید کے ڈیزل اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے رہائشی میاں عبدالرشید میسرز کامران لبریکیٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔ میاں عبدالرشید نے 2009 میں پیٹرولیم مصنوعات خام مال کی باقیات درآمد کیں۔ دوران معائنہ ہزاروں لیٹر ڈیزل اسمگل کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔

جس کے بعد میاں عبدالرشید کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی اور اسمگلنگ کی 4 الگ الگ ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ ان ایف آئی آرز میں دعویٰ کیا گیا کہ میاں عبدالرشید نے قومی خزانے کو 2 کروڑ 48 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔اس کے بعد 2011 میں پیش کردہ چالان میں عبدالرشید کو مفرور ظاہر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق میاں رشید کیس کی سماعت کراچی کی کسٹم عدالت میں ہوئی جہاں ملز م نے سرنڈر کرتے ہوئے اس کیس سے لاتعلقی ظاہر کی۔

میاں رشید کا کہنا تھا کہ میرا اس کیس سے تعلق نہیں، ضمانت دی جائے۔جس پر کسٹم حکام نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم مس ڈیکلریشن اور اسمگلنگ میں ملوث ہے، ضمانت نہ دی جائے۔ تاہم عدالت نے ملزم کی چاروں مقدمات میں فی کس ایک ایک لاکھ میں ضمانت منظور کرلی ہے۔عدالت کی جانب سے ملزم کو کہا گیا ہے کہ وہ اگلی پیشی میں عدالت میں حاضر ہوں ۔یاد رہے کہ میاں عبدالرشید ہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن بھی لڑ چکے ہیں وہ این اے 169 بہاولنگر سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔                                                                          
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات