شادی کی تیاری آخری مراحل میں داخل ‘رنویر اور دپیکا شادی کیلئے اٹلی پہنچ گئے

ایئرپورٹ پر دونوں کی ریکارڈ کی گئی ویڈیوز اور تصاویر نے بھی سوشل میڈیا پر دھوم مچادی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 14 نومبر کو ہوگا اور تقریبات 15 نومبر تک جاری رہیں گی

اتوار 11 نومبر 2018 11:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2018ء) بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون اور ایکشن ہیرو رنویر سنگھ کی شادی میں محض 4 دن بچے ہیں اور دونوں کے اہل خانہ کی جانب سے اس حوالے سے تیاریاں آخری مرحلے میں شامل ہو چکی ہیں۔ اگرچہ دپیکا اور رنویر سنگھ نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان گزشتہ ماہ ہی سوشل میڈیا کے ذریعے کیا تھا، تاہم انہوں نے شادی کی تقریبات کے لیے جگہ کا اعلان نہیں کیا تھا۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ دونوں کی شادی ممکنہ طور پر اٹلی میں ہوگی، ساتھ ہی یہ خبر بھی تھی کہ جوڑا شادی کی ایک تقریب بھارت میں بھی منعقد کرے گا۔تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اپنی شادی کے لیے ممبئی سے اٹلی کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دونوں ممبئی ایئرپورٹ سے اٹلی کے لیے روانہ ہوئے، اس دوران دونوں انتہائی خوش دکھائی دیے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایئرپورٹ پر دونوں کی ریکارڈ کی گئی ویڈیوز اور تصاویر نے بھی سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں کی شادی کے لیے جلد بولی وڈ کی اہم شخصیات بھی اٹلی روانہ ہوں گی، تاہم تاحال کسی شخصیت کے اٹلی روانہ ہونے کی اطلاعات نہیں۔دونوں نے اپنی شادی کے لیے متعدد ساتھی اداکاروں سمیت بھارت کی اہم کاروباری، سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کو بھی مدعو کر رکھا ہے۔دونوں کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 14 نومبر کو ہوگا اور تقریبات 15 نومبر تک جاری رہیں گی۔