ایران پاک فیڈریشن کی تہران کیساتھ مقامی کر نسی میں تجارت کی تجو یز

حکومت صنعتوں کو بند ہونے سے بچانے کیلئے پاک ایران گیس منصو بہ فوری مکمل کرے برآمدات میں اضافے کیلئے مال بردار ٹرینوں کی تعداد بڑھا نا ہو گی‘ خواجہ حبیب الرحمان

اتوار 11 نومبر 2018 12:30

ایران پاک فیڈریشن کی تہران کیساتھ مقامی کر نسی میں تجارت کی تجو یز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2018ء) ایران پاک فیڈریشن آ ف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے تہران کے ساتھ بھی مقامی کر نسی میں تجارت کر نے کی تجو یز دیتے ہوئے کہا ہے کہ جتنی تجارت ایران کیساتھ ہو سکتی ہے کسی اور ملک سے نہیں، حکومت گیس کی قلت کی وجہ سے صنعتوں کو بند ہونے سے بچانے کیلئے پاک ایران گیس منصو بہ فوری مکمل کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرملاقات کیلئے آ نے والے تا جروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تبادلوں میں اضافہ ہونا مشترکہ سرحدوں کی سکیورٹی کی ترقی اور باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی علامت ہے،حالیہ امریکی اقتصادی پابندیوں سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہو سکتے ، پاکستان اور ایران کے درمیان غیر تیل تجارت میں 20 فیصد اضافہ سے تجارت کا حجم 642 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے، برآمدات میں اضافے کیلئے کوئٹہ اور زاہدان کے درمیان چلنے والی مال بردار ٹرینوں کی تعداد بڑھا نا ہو گی۔

ا نہوں نے مزید کہا کہ جب تک بینکنگ شعبے کی بحالی میں کوئی پیشرفت نہیں ہوگی تب تک دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی روابط میں موجود مسائل ختم نہیں ہوسکتے۔