ہمیں اپنا پلاٹ، ڈیم فنڈ میں نہیں دینا

ڈیم فنڈ میں پلاٹ عطیہ کر دینے والے شہری کے اہل خانہ اسی کے خلاف درخواست لے کر چیف جسٹس کے پاس پہنچ گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 11 نومبر 2018 14:22

ہمیں اپنا پلاٹ، ڈیم فنڈ میں نہیں دینا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-11 نومبر 2018ء) : شہری نے پلاٹ ڈیم فنڈ میں جمع کروا دیا،شہری کے اہل خانہ اسی کے خلاف درخواست لے کر چیف جسٹس کے پاس پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جنہیں سنجیدگی سے موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دنیا میں بڑھتے ہوئے موسمی خدشات نے ہمارے ملک کو بھی شدید متاثر کیا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں موسم میں شدت پیدا ہو چکی ہے۔موسم گرما کا دورانیہ بڑھ چکا ہے جبکہ سردی کا دورانیہ کم مگر شدت زیادہ ہوچکی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہمارے پانی کا بنیادی ذریعہ سمجھے جانے والے گلیشئیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جبکہ گزشتہ حکومتوں نے اس ماحولیاتی تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی ہے تاہم اب موجودہ حکومت نے ماحولیاتی اثرات سے بچنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری شروع کی ہے۔

(جاری ہے)

ماحولیاتی تبدیلیوں کا سب سے بڑا نقصان پاکستان کو یہ ہوا ہے کہ پاکستان میں بارشوں کی مقدار میں واضح کمی آئی ہے جبکہ گلیشئیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں ۔اس باعث پاکستان میں پانی کا بحران سر اٹھانے جارہا ہے اور ماہرین کے مطابق 2025 تک پاکستان پانی کے بدترین بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔تاہم سپریم کورٹ نے اس مسئلے پر توجہ دیتے ہوئے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کے باعث پانی کے مسئلے پر قابو پانا حکومت اور عوام کی ترجیحات میں شامل ہو گیا ہے۔

تاہم اس حوالے سے ابھی بہت سا کام کرنے کی ضرورت ہے۔تاہم ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے عوام بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لے رہی ہے۔اس موقع پر انتہائی دلچسپ صورتحال اس وقت دیکھنے کو ملی جب لاہور کے ارشاد نامی شہری نے اپنا پلاٹ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا جس پر اس کے اہلخانہ پریشان ہو گئے کیونکہ مذکورہ پلاٹ انکی عمر بھر کی جمع پونجی تھی۔

آج چیف جسٹس ثاقب نثار لاہور رجسٹری پہنچے تو اس شخص جس کا نام ارشاد ہے اسکی اہلیہ بھی وہاں پہنچ گئی۔اہلیہ کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر کا ذہنی توازن درست نہیں ہے ،ہمیں اپنا پلاٹ ڈیم فنڈز کے لیے نہیں دینا ہے جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ فکر نہ کریں ڈیم فنڈزمیں کافی رقم جمع ہوگئی ہےاور بھی بہت سے اللہ والے رقم جمع کرارہے ہیں۔چیف جسٹس نے ارشاد کے اہلخانہ کو یقین دہانی کروائی کہ ہم آپکا پلاٹ واپس کر دیں گے۔