Live Updates

عوام پوچھتے ہیں کہ اگر نواز اور زرداری قصور وار نہیں تو ملک کس نے لوٹا عبدالعلیم خان

سیاسی مخالفین کی خواہش پوری نہیں ہو گی ، پی ٹی آئی اپنے مشن میں کامیاب ہو گی ‘سینئر صوبائی وزیر کی حلقے کے عوام سے گفتگو

اتوار 11 نومبر 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ اگر نواز شریف اور آصف زرداری پر لگنے والے الزامات درست نہیں ،انہوں نے کرپشن نہیں کی ،سرکاری مال نہیں کھایا اور وہ دونوں قصور وار نہیں تو اس ملک کو کس نے لوٹا ہزاروں ارب ڈالر کے قرضے کہاں گئی اور پاکستان کی موجودہ مقروض معیشت کا ذمہ دار کون ہی آج میڈیا پر بیٹھ پر خود کو فرشتے ثابت کرنے والوں کو بتانا چاہیے کہ انہوں نے تین تین بار اقتدار میں رہ کر کس قدر بھاری کمیشن کھائے اور اُن کی اقربا پروری کس عروج پر تھی ،اپنوں کو نوازنے کے انہوں نے کیا ریکارڈ قائم کیے اور قومی سسٹم کو کیوں کر کرپشن ،رشوت خوری اور سفارش کی نذر کیا ۔

عبدالعلیم خان نے اپنے حلقے میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی مخالفین خاطر جمع رکھیں ان کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی اور انشاء اللہ عوامی مسائل کے حل اور ملک کو صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ میں ڈالنے کا پی ٹی آئی کا مشن ضرور کامیاب ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کا ہررہنما مفروضوں کی بنیاد پر موجودہ حکومت کی ناکامی کا مژدہ سنا رہا ہے اور شہباز شریف کے بعد احسن اقبال بھی دور کی کوڑی لا رہے ہیں خود دس دس سال مسلسل حکومت کرنے والوں سے صبر نہیں ہو رہا اور عمران خان اور اُن کی ٹیم کو 10مہینے دینے کیلئے تیار نہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے ہمیں عوام سے کیے ہوئے سارے وعدے یاد ہیں اور انہیں پورا کرنے کیلئے حکومت شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ پر عمل پیرا ہے۔عبدالعلیم خان نے لوگوں سے کہا کہ اُن کی مشکلات کم کرنے کیلئے قائم کردہ پبلک سیکرٹریٹ میں باقاعدہ نظام وضع کر دیا گیا ہے لہذا وہ مختلف محکموں سے متعلق شکایات درج کرائیں۔

دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے شہر میں پارکوں اور مختلف عوامی جگہوں پر شادی کی تقریبات کا نوٹس لے لیا ہے اور ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے حکام کو اس ضمن میں کاروائی کرنے اور آئندہ اس پریکٹس کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے اجتماعات پودے ،گھاس اور پارکس کی خوبصورتی میں خرابی کا باعث بنتے ہیں لہذا قانون اور ضابطے پر عمل کرتے ہوئے شادیوں کی تقریبات پارکس میں نہ رکھی جائیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات