Live Updates

وزیراعظم عمران خان ملک کی تیز رفتار ترقی کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، کرپٹ سیاستدانوں کی سیاست ختم ہو جائے گی، نئے چہرے سامنے آئیں گے،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 12 نومبر 2018 02:20

وزیراعظم عمران خان ملک کی تیز رفتار ترقی کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا چین کا دورہ توقعات سے کہیں زیادہ کامیاب تھا۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی کے لیے وزیراعظم عمران خان سخت محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو اپنی ایماندار قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں جو ان کی صداقت سے بخوبی آگاہ بھی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں کی سیاست ختم ہو جائے گی اور ملک میں نئے چہرے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک سے بدعنوان سیاسی خاندانوں کا خاتمہ چاہتے ہیں کیونکہ لوگ بھی ان کرپٹ عناصر کو سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی نظریاتی قیادت کے تحت لوگوں کے معیار زندگی کو تبدیل کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ سخت محنت کے ساتھ ساتھ موثر اور کارآمد پالیسیاں متعارف کرا کے پاکستان ریلوے میں بہتری لائیں گے۔ انہوں نے پاکستان ریلوے میں کم زمرے کی ملازمتوں کے لیے گریجویٹ شہریوں کے درخواستیں دینے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر کو اپنے اوپر دائر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیئے اور ملکی قانون کے مطابق انہیں سزا بھی ملنی چاہیئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بہت بدقسمتی ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان وہ کام کر رہے ہیں جو ملک کے سیاستدانوں کی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دو سال بعد لوگوں کو ریلیف ملے گا کیونکہ اس وقت حکومت بہت سے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات