شام میں کشیدگی کے بعد پہلی بار اسرائیلی وزیراعظم کی روسی صدرسے ملاقات

ملاقات انتہائی مفید رہی،اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا،دونوں رہنمائوں کی صحافیوں سے گفتگو

پیر 12 نومبر 2018 11:40

ْپیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور روسی صدر ولادی میر پوتین نے پیرس میں پہلی جنگ عظیم کے خاتمے کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر ملاقات کی۔ چند ماہ قبل شام میں روس کا ایک جنگی طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے کے بعد اسرائیل اور روس کے درمیان کیشدگی پائی جا رہی ہے اور اس واقعے کے بعد دونوں رہ نمائوں کی یہ پہلی ملاقات ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے اس ملاقات کو انتہائی اہمیت کی حامل قرار دیاہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیرس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پیرس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پوتین کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پوتین کے ساتھ ہونے والی ملاقات بہت مفید رہی۔

(جاری ہے)

تاہم انہوںنے اس کی مزید تفصیل بیان نہیں کی۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور روس کے درمیان 17 ستمبر کو اس وقت تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے جس میں 15 روسی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ فوجی طیارہ غلطی سیشامی فوج نے مار گرایا تھا مگر روس نے اس حادثے کی ذمہ داری اسرائیل پرعاید کی تھی کیونکہ شامی فوج نے اسے اسرائیل کا جنگی جہاز سمجھ کو نشانہ بنایا تھا۔اس واقعے کے بعد روس نے شام کو جدید ترین فضائی دفاع نظام ایس 300فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جس پر اسرائیل کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔