کراچی میں جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل

بچوں کی نمازِ جنازہ کچھ دیر میں ادا کی جائے گی،والدہ ابھی بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں،ڈاکٹر کے مطابق ابتدائی طور بچوں کی موت کی وجہ فوڈ پوائزنگ لگتی ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 12 نومبر 2018 12:34

کراچی میں جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 نومبر2018ء) کراچی میں گذشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے۔جسم کے مختلف اعضاء کیمیکل لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایم ایل او جناح کے مطابق ابتدائی طور پر یہی لگتا ہے کہ بچوں کی موت فوڈ پوائزنگ سے ہوئی۔

بچوں کی نماز جنازہ کچھ دیر میں ادا کر دی جائے گی جب کہ بچوں کی والدہ تا حال صدمے سے باہر نہیں آ سکیں۔ واضح رہےپولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں 2 بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔ بچوں کی والدہ کو بھی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں طلب کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جاں بحق کی شناخت ڈیڑھ سالہ احمد اور 5 سالہ محمد کے نام سے ہوئی ہے، ایس ایس پی ساتھ پیر محمد شاہ کے مطابق متاثرین نے گزشتہ رات زمزمہ پر ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا تھا۔

کھانا کھانے کے بعد متاثرین سی ویو پر پلے لینڈ گئے جہاں ٹافیاں بھی کھائیں، ایس ایس پی کے مطابق متاثرین جس ریسٹورنٹ، پلے لینڈ گئے انہیں سیل کردیا گیا ہے مزید تحقیقات جاری ہیں۔آئی جی سندھ کلیم امام نے مضر صحت کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساتھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ کراچی کے ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے والے بچوں کی ہلاکت سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیراعلی سندھ کوپیش کردی گئی،وزیراعلی سندھ نے کراچی بھرکے تمام ریسٹورنٹنس کوچیک کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈائریکٹرسندھ فوڈ اتھارٹی ابرارشیخ کی جانب سے وزیراعلی سندھ کوپیش کی گئی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کچھ روزقبل متعلقہ ریسٹورنٹ کو صحت وصفائی کی صورتحال بہتربنانے کا نوٹس دیا گیا تھا جونظراندازکردیا گیا تھا۔