پی سی بی کا پی ایس ایل کو الگ یونٹ بنانے کا فیصلہ

سپر لیگ کو الگ کمپنی بنانے کا مقصد لیگ کو منافع بخش بنانا اور اس میں شفافیت لانا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 نومبر 2018 13:16

پی سی بی کا پی ایس ایل کو الگ یونٹ بنانے کا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12نومبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کو الگ یونٹ بنانے کےلئے قانونی مشاورت شروع کر دی ہے۔دو برس قبل سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی پی ایس ایل کو الگ کمپنی بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ قانونی رکاوٹوں کے باعث ایسا ممکن نہ ہو سکا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایک بار پھر پی ایس ایل کو الگ کرنیکا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے پی سی بی کی قانونی ٹیم کو سپر لیگ” پرائیویٹ کمپنی“قائم کرنے کی تیاری کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔

چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی خواہش ہے کہ اس حوالے سے جلد قانونی مشاورت مکمل کی جائے اور تجاویز دی جائیں تاکہ الگ کرنے کے کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

بورڈ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کو اگر پی سی بی سے الگ کر دیا جاتا ہے تو پھر اس کا چیئرمین گورننگ بورڈ اور مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ الگ ہو گا، سپر لیگ کو الگ کمپنی بنانے کا مقصد لیگ کو منافع بخش بنانا اور اس میں شفافیت لانا ہے۔

اگلے برس 14 فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کا ڈرافت 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس کےلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت 663 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ڈرافٹ میں پلاٹینم ، ڈائمنڈ ، گولڈ ، سلور اور ایمرجنگ کی کٹگریز شامل ہیں۔ پلاٹینم کیٹگری میں ابراہام ڈی ویلیئرز، سٹیو سمتھ،کیرون پولارڈ، کرس لائن، سنیل نارائن ، لیوک رونچی، تھیسارا پریرا، کورے اینڈرسن، شین واٹسن اور ڈووین براوو جیسے نامور کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔

آئندہ سیزن کے ڈرافٹ میں تمام فرنچائزز کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ گزشتہ سیزن کے دس کھلاڑیوں کو اپنے سکواڈ میں برقرار رکھ سکتے ہیں۔ کھلاڑیوں کے لئے ریٹینشن ونڈو کی آخری تاریخ 13 نومبر ہو گی۔ واضح رہے کہ آئندہ سیزن کیلئے چند کھلاڑیوں کی مختلف ٹیموں میں ٹریڈ ہو چکی ہے جس میں ویسٹ انڈیز کے سپنر سنیل نارائن اور پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل شامل ہیں جو لاہور قلندرز سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں جاچکے ہیں، یہ ٹریڈ ونڈو آج بند ہو جائےگی۔ ہر سکواڈ میں سولہ کھلاڑی رکھے جا سکتے ہیں جس میں3 ،3کھلاڑی پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ اور5سلور جبکہ دو ایمرجنگ پلیئرز شامل ہیں۔