اسلام آبامیں ہالینڈ کا سفارتخانہ بند ،ْ

ویزا انٹرویوز بھی منسوخ نیدرلینڈز کی حکومت نے سفارت خانہ اور قونصلیٹ عملے کی سیکیورٹی کو درپیش مسائل کے پیش نظر بند کئے

پیر 12 نومبر 2018 14:45

اسلام آبامیں ہالینڈ کا سفارتخانہ بند ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یورپی ملک ہالینڈ کا سفارتخانہ غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ،ْویزا درخواستیں اور انٹرویوز بھی روک دئیے گئے۔سفارتی ذرائع کے مطابق نیدرلینڈز کی حکومت نے سفارت خانہ اور قونصلیٹ عملے کی سیکیورٹی کو درپیش مسائل کے پیش نظر بند کردئیے۔

یورپی ملک نے ویزہ کیلئے ہونے والے تمام انٹرویوز کو بھی تاحکم ثانی روک دیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ نئی ویزا درخواستوں کی وصولی بھی روک دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ہالینڈ حکومت کو کچھ مشکلات کا سامنا تھا جس کے پیش نظر نہ صرف سفارتخانہ بلکہ تمام قونصل خانوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ رواں سال جون میں ہالینڈ کی اسلام مخالف جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے متنازع رہنما گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا تھا جس کے بعد پاکستان سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے 20 اگست کو گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے انعقاد کے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔پاکستان میں شدید احتجاج کے بعد ہالینڈ کے وزیرِاعظم نے حکومت کو ان گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں سے علیحدہ کر لیا تھا جبکہ ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ گیرٹ ولڈرز حکومت کے رکن نہیں اور نہ ہی یہ مقابلہ حکومت کا فیصلہ ہے۔