العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا 342 کا بیان قلمبند نہ ہوسکا

پیر 12 نومبر 2018 14:47

العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا 342 کا بیان قلمبند نہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا 342 کا بیان قلمبند نہ ہوسکا۔احتساب عدالت اسلام آباد میں العزیزیہ ریفرنس کی سماعت ہوئی تو نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما مریم اورنگزیب، سینیٹر سلیم ضیاء ، طارق فاطمی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق بھی احتساب عدالت پہنچے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نیب کے گواہ اور تفتیشی افسر محمد کامران پر جرح کی جس کے بعد جج ارشد ملک نے استفسار کیا کہ نواز شریف کا 342 کا بیان شروع کر لیں ۔ تاہم خواجہ حارث نے کہا کہ ہمارے پچھلے بیان پر کچھ اعتراضات ہیں وہ ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں۔جج ارشد ملک نے کہا کہ اعتراضات لکھے ہوئے ہیں تو دے دیں، علیحدہ سے لکھوا کر حصہ بنالیتے ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ دو تین چیزیں ہیں وہ لکھوا دیتے ہیں، ابھی جرح شروع کر لیتے ہیں، بعد میں سپریم کورٹ بھی جانا ہے۔العزیزیہ ریفرنس کی سماعت میں پیر کو نواز شریف کا 342 کا بیان اب تک شروع نہیں ہوسکا ۔