پی آئی اے کی پرواز کی کچے علاقہ میں لینڈنگ

احسن اقبال کو تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 12 نومبر 2018 13:52

پی آئی اے کی پرواز کی کچے علاقہ میں لینڈنگ
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2018ء) : دو روز قبل پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی پرواز کو پنجگور ائیرپورٹ پر حادثہ پیش آیا تھا ۔ کراچی سے جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 517 نے جیسے ہی پنجگور ائیرپورٹ پر لینڈ کیا تو طیارہ رن وے سے بے قابو ہو کر کچی زمین پر اُتر گیا جس کے نتیجے میں جہاز کا ایک ٹائر پھٹ گیا البتہ حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔

اس حادثے کو بنیاد بنا کر سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے موجودہ حکموت کو تنقید کا نشانہ بنایا جس پر انہیں ٹویٹر صارفین کی جانب سے سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے اس طیارے کی تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ دوستو! یہ نئے پاکستان کا کہیں خلائی مشن تو نہیں جو مریخ پر لینڈ کر گیا ہے؟ جس پر انہیں ٹویٹر صارفین کی جانب سے سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ایک صارف نے کہا کہ کاش آپ کی ساری جماعت اسی خلائی مشن پر ہوتی آپ وہاں سے ٹویٹ ٹویٹ کھیلتے اور ہم بھی ہنسی خوشی آپ کو جواب دیتے کہ خس کم جہاں پاک۔
ایک اور صارف نے کہا کہ جناب اگر آپ اپنے آپ کو دوبارہ وزیر بننے کے لائق سمجھتے ہیں تو یقین مانیں آپ دھوکے میں ہیں۔ آپ خوابوں کی دنیا سے باہر نکلیں اور تنقید کے نشتر چلانے کی بجائے اصلاحی کاموں ہر توجہ دیں۔

دوسری بات یہ کہ آپ کو دوبارہ پرائمری سکول کو جوائن کرنا پڑے گا۔ تاکہ آپ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاسکیں۔
معروف اینکر پرسن اقرار الحسن نے بھی احسن اقبال کے اس ٹویٹ کا جواب دیا اور کہا کہ آپ جیسے زیرک انسان سے یہ توقع نہیں کی جاتی۔ طنز اور طعن و تشنیع کا یہی پیمانہ ہے تو پھر اُس دور میں تو چلیے یہ ATR بحفاظت لینڈ، آپ کے دورِ حکومت میں تو ایسا ہی ATR گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

درست تنقید کیجئے، ہمیں آپ اپنے ساتھ پائیں گے۔
ایک اور ٹویٹر صارف نے کہا کہ کوئی شخص بغض عمران میں اتنا گر جائے گا کہ انسانیت بھی بھول جائے گا ، یہ حیران کُن ہے۔
احسن اقبال کے اس طنز پر انہوں نے ٹویٹر صارفین کی تنقید کا رُخ اپنی جانب موڑ لیا۔ ٹویٹر صارفین کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کو اس بات کی پذیرائی کرنی چاہئیے کہ طیارہ باحفاظت لینڈ کر گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن افسوس کہ وہ ایک حادثے پر بھی اپنی سیاست چمکا رہے ہیں اور نئی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں جو کہ سراسر افسوسناک ہے۔