پتہ مروڑ وائرس کے خلاف بھر پور قوت مزاحمت کی حامل کپاس کی نئی اقسام کی تیاری کا آغاز

پیر 12 نومبر 2018 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں زرعی ریسرچ کے اداروں نے پتہ مروڑ وائرس کے خلاف بھر پور قوت مزاحمت رکھنے کیلئے کپاس کی نئی بہتر پیداواری صلاحیت کی حامل اقسام کی تیاری کیلئے تحقیق کا آغاز کر دیا ہے۔محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایا کہ کپاس کی پرانی منظور شدہ اقسام کے ساتھ ساتھ نئی اقسام بی ٹی ، ایم این ایچ 886 اور ایم این ایچ 814 سر فہرست ہیں جو پتہ مروڑ وائرس کے خلاف زیادہ قوت مدافعت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایم این ایچ 886 جہاں بیماریوں اور کیڑوں کے خلاف قوت مزاحمت رکھتی ہیں وہیں پیداوار کے لحاظ سے نمبرون ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں دوسری اقسام کے مقابلے میں گرمی کو بہتر طریقے سے برداشت کر نے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اقسام ملک میں وائٹ گولڈ کی پیداوار میں انقلاب کی پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ قوت مزاحمت رکھنے والی مزیدنئی اقسام کی تیاری پر تحقیق کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیسی کپاس سے جینز امریکن کپاس میں منتقل کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ لمبے ریشے والی اقسام کی تیاری پر بھی تحقیق ہورہی ہے جس کے بہت جلد مفید اثرات مرتب ہوں گے اور اعلیٰ کوالٹی کا بیج بھی حاصل کرنے میں مدد مل سکے گی۔

متعلقہ عنوان :