Live Updates

جنوبی پنجاب کی خوشحالی پورے پنجاب اور پاکستان کی خوشحالی ہے‘ سردار دوست مزاری

تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی حکومت دور دراز اضلاع کی پسماندگی دور کرے گی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

پیر 12 نومبر 2018 15:34

جنوبی پنجاب کی خوشحالی پورے پنجاب اور پاکستان کی خوشحالی ہے‘ سردار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے عمران خان پر اعتمادکا اظہار کیا ہے اور عوام کے جذبات سے کھیلنے والی جماعتوں اور افراد کو اپنے ووٹ سے مسترد کر دیا ،انشاء اللہ اب پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی حکومت پسماندہ اضلاع کی پسماندگی دور کرے گی اور عوام سے کیا گیا ایک ایک وعدہ پوراکیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی حلقہ میںملاقات کے لیے آئے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں کھوکھلے نعروں اور سیاسی شعبدہ بازی سے رائے عامہ کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا آج عوام انہیں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں جو عام آدمی کی فلاح و بہبود کے جذبے کے ساتھ عوام سے کیے ہوئے وعدوں کو پورا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ زرعی اور صنعتی ترقی خوشحالی کی ضامن ہے، پاکستان تحریک انصاف کے موجودہ دور میں زرعی اور صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب زرعی اور صنعتی انقلاب آئے گا اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ جنوبی پنجاب کے کروڑوں کاشت کاروں کو پہنچے گا۔ جنوبی پنجاب کی خوشحالی پورے پنجاب اور پاکستان کی خوشحالی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ہماری حکومت نے سٹیٹس کو توڑنے کا بیڑا اٹھایا ہے یہی وجہ ہے کہ یہ قوتیں اپنی بھرپور طاقت کے سا تھ تبدیلی کے نعرے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔لہٰذاء عوام صبروتحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیںاوراپنی نمائندہ حکومت اورپسندیدہ قیادت پراعتماد رکھیں۔یہ ملک ِ پاکستان جس معاشی پستی کے بحران میں ہماری حکومت کو ملا وہ چندماہ میں ختم نہیں کیا جا سکتا ۔معاشی طورپرکمزورپاکستان اب بحران سے نکل چکا ہے ۔وسائل کا فقدان ہونے کے باوجود ہمارا حوصلہ جوان ہے ۔ہم عوام کے ناتواں کندھوں سے بحرانوں کابوجھ اتارنے کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات