تعلیم کے شعبہ میں کی جانے والی محنت کے ثمرات دیرپا ہوتے ہیں، تحصیل ناظم ایبٹ آباد

پیر 12 نومبر 2018 14:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) تحصیل ناظم* ایبٹ آباد محمد اسحق ذکریا نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں کی جانے والی محنت کے ثمرات وقت طلب مگر دیرپا ہوتے ہیں، اساتذہ بچوں میں ذوق یقین پیدا کریں تاکہ ایک مضبوط مستقبل کا حصول ممکن ہو سکے۔ وہ پیر کو گورنمنٹ پرائمری سکول جھنگی میں کڈز گرومنگ گالا 2018ء کے دوران یونین کونسل کے 14 سکولوں کے کامیاب طلباء و طالبات کو انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قاضی تجمل حسین، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر عابد خان، ایس ڈی او تنویر احمد، اے ڈی او قلندر آباد سرکل آصف خان، اجمل وحید خوشی اور طارق خان ٹیچر نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میزبانی کے فرائض ظہیر احمد اور صغیر احمد نے انجام دیئے جبکہ اے ڈی او سپورٹس وسیم فضل، سابق ناظم جھنگی سعید خان مغل، قاضی عنایت الله، راشد خان، مظہر خان، سیف الرحمن، سینئر ٹیچر خورشید مغل اور میزبان سکول کے ہیڈ ٹیچر سہیل احمد عباسی کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اسحاق ذکریا نے اپنے خطاب میں جھنگی سکول کو سرکاری عمارت مہیا کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ڈی ای او کی قیادت میں صوبائی وزیر تعلیم اور وزیر خوراک سے برابر مدد لی جائے گی۔ انہوں نے کینٹ ایریا ہونے کے باوجود سکول کے گرد و پیش صفائی کے احکامات بھی جاری کئے۔ قبل ازیں سکول انتظامیہ کی طرف سے طارق خان اور سماجی رہنما اجمل وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سال 1949ء کے دوران قائم کیا جانے والا گورنمنٹ پرائمری سکول جھنگی اب تک کرائے کی عمارت میں چل رہا ہے جس کی چھت لوہے کی چادروں سے بنی ہونے کے باعث بچوں کو سردی اور گرمی میں برابر پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے سرکاری عمارت میں سکول منتقلی مہم چلانے کا عندیہ بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :