تربیلا جھیل سے پار یو سی ناڑہ امازئی میں دو خواتین مٹی کا تودہ گرنے سے دب کر جاں بحق ہو گئیں

پیر 12 نومبر 2018 14:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) تربیلا جھیل سے پار یو سی ناڑہ امازئی میں دو خواتین مٹی کا تودہ گرنے سے دب کر جاں بحق ہو گئیں، واقعہ میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئی، شدید زخمی ہونے والی خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مقامی افراد نے امدادی کاروائیاں کر کے نعشوں کو کو مٹی کے ملبہ سے نکالا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تربیلا جھیل سے پار تحصیل غازی کی یو سی ناڑہ امازئی کے موضع چڑوائی میں تین خواتین اپنے گھر کے استعمال کیلئے ایک پہاڑی سے مٹی کھود رہی تھیں کہ اچانک ایک بڑا مٹی کا تودہ ان پر آ کر گر گیا جس کی نتیجہ میں وہ مٹی میں دب گئی ہیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی گائوں کے افراد بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ مٹی کے تودہ سے تینوں خواتین کو باہر نکلا تو ان میں سے دو دم توڑ چکی تھیں جبکہ ایک خاتون سانس لے رہی تھی جس کو بے ہوشی کے حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ ناڑہ امازئی نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :