Live Updates

تیسرا عیسیٰ لیب ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر شاندار آغاز

افتتاحی میچ دفاعی چمپئن کراچی باسکٹ بال کلب نے عثمان باسکٹ بال کلب کوشکست دیکر جیت لیا

پیر 12 نومبر 2018 14:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ’’تیسرا عیسیٰ لیب ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ‘‘ کا آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کراچی پر شاندار آغاز ہوگیا ۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چمپئن کراچی باسکٹ بال کلب نے مد مقابل عثمان باسکٹ بال کلب کو 52-46 پوائنٹس سے شکست دے کر جیت لیا۔

ٹورنامنٹ کا افتتاح ملک کے ممتاز سرجن ممبر سندھ اسمبلی ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے پر وقار افتتاحی تقریب میں کیا۔ اس موقع پرکراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان ، شاہدہ پروین ، مہوش خان ، سلیم خمیسانی ، محمد ارشد، عبد الناصر، اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ اس سال نارتھ ناظم آباد میں دو عالمی معیار کے باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر کرائیں گے جس پر قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹ منعقد ہوسکیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ شاہ فیملی اپنے سربراہ ڈاکٹر سید محمد علی شاہ کی کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے مشن جاری رکھے گی اور جو ممکن مدد ہم کرسکتے ہیں کھیلوں کے فروغ کیلئے کریں گے۔ ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ خصوصاً کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کھیلوں کی ترقی اور کھیل کے تمام شعبوں میں ٹیلنٹ کو سامنے لائے گی۔

رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سے باسکٹ بال کھیل کی ترقی، فروغ، کیلئے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے ڈاکٹر فرحان عیسیٰ اور ان کے خاندان سے اظہار تشکر کیا کہ وہ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کچھ دیر کورٹ پر باسکٹ بال بھی کھیلی اور کھلاڑیوں کو باسکٹ بال کے رموز سے آگاہ کیا۔ افتتاحی میچ میں کراچی باسکٹ بال کلب کی جانب سے راج کمار لکھوانی 15 ، وجی احمد 10، طلال احمد 10، اور اسد امام نے 8 جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے حارث خان 10، نوفیل احمد 8 ، عثمان خواجہ 8، دانیال خان اور یش کمار نے 6/6 پوائنٹ اسکور کئے۔ افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ پولیس بینڈ نے قومی نغموں کی دھنیں بجائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات