مقبوضہ کشمیر، جماعت اسلامی کی کشمیر اور بھارت کے تعلیمی اداروں میںزیر تعلیم کشمیری طلباء کو ہراساں کرنے کی مذمت

پیر 12 نومبر 2018 15:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرنے بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے جموںوکشمیر اور بھارت کے تعلیمی اداروں میںزیر تعلیم کشمیری طلباء کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میںایک بیان میں کہاکہ بھارت کے مختلف تعلیمی اداروں میںکشمیری طلباء پر فرقہ پرست عناصر کی طرف سے حملوں کے علاوہ مختلف بھارتی ایجنسیاں جھوٹے الزامات کے تحت کشمیری طلباء کو گرفتارکررہی ہیں جس کی وجہ سے بہت سے طلباء اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ یونیورسٹیوں ، کالجوںاور حکام کی یقین دہانیوں کے باوجودکشمیری طلباء کی مشکلات میں کوئی کمی دکھائی نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی پولیس نے سینٹرل یونیورسٹی کے حکام کو مطلع کئے بغیر گزشتہ رات نوگام سے دو معصوم طلباء سہیل احمد اور محمد اسماعیل کو گرفتار کرلیاجو شعبہ پولیٹکل سائنس کے طلباء ہیں۔ انہوںنے کہا طلباء کی گرفتاری کشمیریوں کو اعلیٰ تعلیم سے روکنے اور انہیں انتہا پسندی کی طرف دھکیلنے کے منصوبے کا حصہ لگتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ طلباء کے اہلخانہ کو نہ تو ان کی گرفتاری اور نہ گرفتاری کو وجوہات کے بارے میں بتایا گیا ہے جوانسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بے لگام بھارتی فورسز نے پوری وادی میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کررکھا ہے اور ایک عام کشمیری کی زندگی جہنم بنادی ہے۔ انہوں نے گرفتار طلباء کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے یکجہتی کاظہار کیا ہے۔ انہوںنے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کریں جنہیںبھارتی فورسز اور دیگر ایجنسیاں بدترین مظالم کانشانہ بنارہی ہیں۔