ریاض:گزشتہ چھ ماہ کے دوران 55فیصد ویزے ایشیائی ممالک کو جاری کئے گئے

سرکاری شعبے میں مجموعی طور پر 28 ہزار 522ویزے جاری کیے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 12 نومبر 2018 15:19

ریاض:گزشتہ چھ ماہ کے دوران 55فیصد ویزے ایشیائی ممالک کو جاری کئے گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 نومبر2018ء) وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے سرکاری شعبے میں غیر مُلکیوں کو مجموعی طور پر 28 ہزار 522ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ مردوں کے لیے جاری کردہ ویزوں کی تعداد 17 ہزار 350 ہے جبکہ خواتین کو 11 ہزار 172 ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کُل ویزوں میں سے 55فیصد ویزے ایشیائی ممالک کے باشندوں کے حصّے میں آئے ہیں۔

یہ ویزے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں دیئے گئے ہیں، جہاں پر مخصوص کارکنوں کی ضرورت تھی۔ سب سے زیادہ ویزے ریاض کے لیے جاری ہوئے جن کا تناسب 35 فیصد ہے۔ وزارت نے گھریلو کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر اُنہیں لگاتار تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی تو وہ ثبوت کے ساتھ وزارت محنت کے مخصوص شعبے سے رجوع کریں، جہاں اُن کی شکایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے داد رسی کی جائے گی اور سعودی قوانین کے مطابق اُن کی کفالت کسی دوسرے سعودی کو منتقل کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزارت محنت نے خبردار کیا ہے کہ کہ ویزوں کی تجار ت کرنا مملکت میں قطعی طور پر ممنوع ہے اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد اور اُن کے ذیلی کارندوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ آگاہ کیا گیا ہے کہ مملکت میں کارکنوں کی تجارت اور اُنہیں غیر قانونی طور پر دیگر افراد کو منتقلی سراسر غیر قانونی ہے۔ افرادی قوت کی لائسنس یافتہ کمپنیوں کے علاوہ کارکنوں کی دیگر ذریعوں سے فراہمی قطعی غیر قانونی ہے۔ اکثر لوگ گھریلو کارکنوں کی خدمات رقم وصول کر کے دیگر افراد کو منتقل کر دیتے ہیں، اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ جبکہ گھریلو کارکنوں کی فراہمی کے حوالے سے اشتہارات غیر قانونی ہیں اور ایسا کرنے والوں کے خلاف وزارت کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :