جرمنی کی مشہور آٹو کمپنی واکس ویگن کا پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں قدم رکھنے کا اعلان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 12 نومبر 2018 17:00

جرمنی کی مشہور آٹو کمپنی واکس ویگن کا پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں قدم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2018ء) : جرمنی کی معروف اور بڑی آٹو کمپنی واکس ویگن نے پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ خبر گذشتہ ہفتے خبروں کی زینت بنی جس میں کہا گیا کہ جرمنی کی آٹو کمپنی واکس ویگن نے پاکستان میں موجود اپنے مقامی شراکت دار پریمئیر موٹرز لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اس معاہدے میں طے پایا ہے کہ پریمیئر موٹرز واکس ویگن کے لائسنس کے تحت CKD یونٹس کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے کراچی میں ایک پروڈکشن پلانٹ قائم کرے گی۔ یہ خبر ملک بھر کے آٹو سیکٹر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی کیونکہ واکس ویگن کا شمار دنیا بھر کی بڑی آٹو کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر رہے کہ اس سے قبل جون 2017ء میں پہلے ہی دو کمپنیاں intent (LOI) کا معاہدہ کر چکی ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد سے ملک کے آٹو سیکٹر میں جرمنی کی سب سے بڑی آٹو کمپنی کی انٹری کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ ایک سال سے زائد عرصہ کے انتظار کے بعد بالآخر جرمن کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور اپنے آٹو پارٹس پاکستان لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جرمن آٹو کمپنی کی پاکستان آمد کے بعد ملکی معیشت میں بھی بہتری آنے کا امکان ہے۔ جبکہ جرمن کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے آٹو انڈسٹری کی کمپنیوں کے مابین مقابلہ پہلے سے زیادہ بڑھنے کا امکان ہے۔

ملک میں گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے اب کئی آپشنز موجود ہوں گی جس پر وہ غور کر سکیں گے اور فیصلہ کر سکیں گے کہ آخر انہیں کس کمپنی اور کس نوعیت کی گاڑی چاہئیے۔ جرمن کمپنی کی پاکستان آمد کے بعد گاڑیوں کی وارئٹی اورگاڑیوں میں نصب ٹیکنالوجی میں بھی جدت دیکھنے میں آئے گی یہی نہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی بہتری آنے کا قوی امکان ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی آمد کے بعد کئی غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکی ہیں۔