Live Updates

کراچی میں آئندہ ہفتے 13 برس بعد عالمی سکوائش مقابلوں کی بحالی ہو گی، ملک میں انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے،

نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے سکولز، کالجز اور یونیورسٹی سطح پر کھیل کے فروغ کی ضرورت ہے، قمر زمان

پیر 12 نومبر 2018 17:26

کراچی میں آئندہ ہفتے 13 برس بعد عالمی سکوائش مقابلوں کی بحالی ہو گی، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) پاکستان سکوائش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ کراچی میں 13سال بعد عالمی سکوائش کے مقابلے آئندہ ہفتے بحال ہو جائیں گے، ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے سکولز، کالجز اور یونیورسٹی سطح پر سکوائش کھیل کے فروغ کی ضرورت ہے، پاکستان میں عالمی سکوائش کے مقابلوں کے انعقاد سے قومی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آئے گی۔

پیرکو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن نے بہتر سکیورٹی صورتحال کے بعد کراچی میں بھی پی ایس اے کے مقابلے بحال کرائے ہیں اور کراچی میں مسلسل 3 ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی ہے جس میں پہلا 20 ہزار ڈالر کا ایونٹ ڈی ایچ اے انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ 20 سے 24 نومبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسرا 50 ہزار ڈالر کا ایونٹ پاکستان اوپن انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 2 دسمبر تک جبکہ چف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکوائش چیمپیئن شپ 6 سے 10دسمبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔ قمر زمان نے کہاکہ پاکستان میں انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی کا کریڈٹ پاکستان سکوائش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد علوی اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران کو جاتا ہے جو کہ ملک میں سکوائش کے فروغ اور بہتری کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان کی خصوصی کوششوں کی وجہ سے کراچی میں بھی انٹرنیشنل سکوائش کے مقابلے آئندہ ہفتے سے بحال ہو رہے ہیں جو کہ ہمارے لئے خوش آئند بات ہے۔ اسلام آباد اور لاہور میں عالمی سکوائش مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد انٹرنیشنل سکیورٹی وفد نے کراچی میں عالمی سکوائش کے مقابلے بحال کرائے ہیں جس کا باقاعدہ آغاز نومبرکے تیسرے ہفتے میں ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان عالمی مقابلوں سے پاکستان کے کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے سکولز، کالجز اور یونیورسٹی سطح پر سکوائش کھیل کے فروغ کی ضرورت ہے۔ پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن نے رواں سال پاکستان کو 19 بین الاقوامی ایونٹس کی منظوری دی ہے جن میں سے کئی ایونٹ اسلام آباد میں منعقد ہوچکے ہیں اور لاہور میں پی ایس اے کا ایونٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو چکا ہے جبکہ نومبر کے تیسرے ہفتہ میںکراچی میں پی ایس اے کا ایونٹ کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں سکوائش کی بہتری کیلئے سپانسر کو کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ اتنے بڑے ایونٹس کیلئے سپانسرز کا ہونا بہت ضروری ہے۔ قمر زمان نے کہاکہ پشاور سکوائش کا گڑھ رہا ہے کیونکہ 7 نامور سابق کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے جن میں ہاشم خان، اعظم خان، روشن خان، محبوب اللہ سینئر، قمرزمان، جہانگیر خان اور جان شیر خان شامل ہیں۔

پشاور میں اب تک پی ایس اے کے مقابلے بحال نہیں ہوئے۔ فیڈریشن نے پشاور میں عالمی مقابلے بحال کرانے کیلئے ورلڈ سکوائش فیڈریشن کو تحریری طور پر مراسلہ بھجوایا ہے امید ہے کہ پشاور میں دیگر شہروں کی طرح بین الاقوامی مقابلے بحال ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان خود بھی ایک سپورٹس مین رہے ہیں اسلئے توقع ہے کہ وہ ملک میں کھیلوں کی ترقی و فروغ میں کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان سکوائش فیڈریشن اور پاکستان ایئر فورس ملک میں کھیل کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ فیڈریشن نے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے سابق کھلاڑیوں جہانگیر خان، جان شیر خان اور قمر زمان کی خدمات حاصل کی ہیں جو اکیڈمیاں بنا کر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات