ڈی ایچ اے انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ملائیشیاء، مصر اور ایران کے غیر ملکی کھلاڑی 18نومبر کو پاکستان پہنچیں گے

پیر 12 نومبر 2018 17:26

ڈی ایچ اے انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ملائیشیاء، مصر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) ڈی ایچ اے انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ملائیشیاء، مصر اور ایران کے غیر ملکی کھلاڑی 18نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال نے بتایا کہ ڈی ایچ اے انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ 20 سے 24 نومبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی جس میں پاکستان سیمت مختلف ممالک کے غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ 18 نومبر سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) نے اسلام آباد اور لاہور کے بعد کراچی میں بھی پی ایس اے کے مقابلے بحال کرائے ہیں اور کراچی میں مسلسل 3 ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی ہے جس میں پہلا 20 ہزار ڈالر کا ایونٹ ڈی ایچ اے انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ 20 سے 24 نومبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسرا 50 ہزار ڈالر کا ایونٹ پاکستان اوپن انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 2 دسمبر تک جبکہ چف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکوائش چیمپیئن شپ 6 سے 10دسمبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔ تینوں ایونٹ میں 14 ممالک کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے جن ممالک نے شرکت کی تصدیق کی ہے ان میں ملائیشیا‘ مصر ایران ‘ فن لینڈ ‘ پیرو‘ قطر‘ میکسیکو ‘ سپین ‘ فرانس‘ جمہوریہ چیک‘ ہانگ کانگ‘ پرتگال،انگلینڈ اور میزبان پاکستان شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور لاہور میں پی ایس اے کے کامیاب ایونٹس کرانے کے بعد پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن نے کراچی میں بھی عالمی مقابلے بحال کرنے کی اجازت دی ہے۔ فیڈریشن نے ایونٹ میں ٹاپ رینکنگ کے نامور کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے توقع رکھتے ہیں کہ تینوں ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کریں گے اور ان کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آئے گی۔