سندھ ہائیکورٹ،آفاق احمد اور عامر خان کی سزا کے خلاف اپیل پر آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوٹر کو پیش کرنے کا حکم

پیر 12 نومبر 2018 20:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد اور ایم کیوایم رہنما عامر خان کی سزا کے خلاف اپیل پر آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوٹر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔پیرکودو رکنی بینچ کے روبرو مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد اور ایم کیوایم رہنما عامر خان کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے عامر خان کے وکیل کی درخواست پر سماعت 24دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت کا آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوٹر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔دونوں رہنماوں نے عدالت سے ضمانت حاصل کررکھی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں رہنمائوں نے لانڈھی میں ضمنی اتخابات کے دوران ایم کیو ایم کارکن کواغوا کرایا۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کے کارکن فاروق کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔

عدالت نے دونوں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ سماعت کے بعد سینئر ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم عامر خان نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم اپنی جگہ کھڑی ہے اور پارٹی کا پورا سسٹم موجود ہے۔ بظاہر ایم کیو ایم کی تقسیم کا تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے جو غلط ہے۔ فاروق ستار مجھ پر الزامات لگاتے رہیں میری صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ عامر خان نے ڈاکٹر فاروق ستار سے متعلق سوالوں کا جواب دینے سے گریز کیا۔