کرپشن نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں ، خاتمہ ارتکائی بنیادوں پر ہی ممکن ہے ، ڈی جی نیب بلوچستان

کرپشن کے خاتمے کیلئے طلباء اور نوجوانوں کی ذہن سازی بنیادی سطح سے انتہائی ضروری ہے، تعلیمی اداروں کی نیب کی آگاہی مہم میں معاونت اور شمولیت قابل ستائش ہے،الحمد یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب

پیر 12 نومبر 2018 18:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو کے زیر اہتمام الحمد یونیورسٹی میں کرپشن کے خلاف شعور و آگاہی کے سلسلے میں بین الجامعات تقریری مقابلے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے میں بلوچستان کی تمام یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ڈائریکٹر نیب بلوچستان احتشام الحق نے اس موقع پر کہا کہ کرپشن نے ہمارے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں اور شایدہی کوئی شعبہ ہو جس میں بد عنوانی کا بسیرا نہ ہو۔

کرپشن کا خاتمہ ارتکائی بنیادوں پر ہی ممکن ہے جس کے لئے طلباء اور نوجوانوں کی ذہن سازی بنیادی سطح سے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا طلباء کے کرپشن کے خلاف جذبات اور احساسات سے ہم پر ا مید ہیں کہ ہمارا مستقبل تابناک ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے واضح کیا کہ قومی احتساب بیوروبد عنوانی میں ملوث کرپٹ افسران و دیگر افراد کیخلاف سخت ایکشن لینے کیساتھ ساتھ عوام الناس مین کرپشن کے معاشرے پر برے اثرات کے حوالیسے شعور و آگاہی کی مہم بھی چلا رہا ہے۔

انھوں نے بد عنوانی کے مکمل خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے مختلف محکموں میں نظم و نسق کے قیام اور میرٹ کے فروغ کے لئے نتیجہ خیز اقدامات ا ٹھائے جا رہے ہیں۔ تعلیم سے منسلک ذمہ دار افسران، اسا تذہ، تعلیمی درسگاہوں اور طلباء کا کردار بھی اس حوالے سے انتہائی کلیدی ہے،ڈین الحمد یونیورسٹی مہرانساء کا کہنا تھا کہ بدعنوانی و دیگر معاشرتی برائیوں کی تباہ کاریوں سے پہلو تہی کی جا رہی ہے ان برائیوں کا کھلے عام ہونا اِس بات کا متقاضی ہے کہ اِنکی روک تھام کے لئے اقدمات کئے جائیں میری نظر میں ان برائیوں کے تدارک کے لئے طلباء کا ساتھ سب سے کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اکیلا کرپشن کے خلاف نہیں لڑ سکتا۔ اس کو ختم کرنے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔قبل ازیں کامیاب طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :