Live Updates

معاشرے کے کمزور طبقات کی بلا امتیاز خدمت اور انکے مسائل کا حل انکے عمران خان کا ویژن ہے،چودھری شوکت علی بھٹی

عوام سے کئے گئے ہر وعدے کو پورا کریں گے،رکن قومی اسمبلی

پیر 12 نومبر 2018 18:30

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) رُکن قومی اسمبلی حافظ آباد چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا ہے غریب ،کسان ،مزدور اور معاشرے کے کمزور طبقات کی بلا امتیاز خدمت اور انکے مسائل کا حل انکے قائد وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے اور اسی ویژن کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے وہ خود کو حافظ آباد کے عوام کی خدمت کے لیے وقف کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خدمت کی سیاست ہی انکے خاندان کا طُرہ امتیاز رہا ہے اور انشاء اللہ تعلیم ،صحت ،سوئی گیس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے عوام سے کئے گئے ہر وعدے کو پورا کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور عوام کے منتخب نمائیندے ایک ہی پیج پر ہیں اور مربوط حکمت عملی اور اقدامات کے تحت عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور آسانیاں لائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے والد سابق ایم این اے چودھری مہدی حسن بھٹی کی جانب سے سابق ڈی سی عدنان ارشد اولکھ اور سابق ڈی پی او سیف اللہ خان کے اعزاز میں الوداعی اور نئے تعینات ہونے والے ڈی سی نوید شہزاد مرزا اور ڈی پی او ساجد کیانی کے اعزاز میں خیر مقدمی عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔سابق ایم این اے چودھری مہدی حسن بھٹی ،سابق ضلع ناظم مبشر عباس بھٹی ،سکند ر نواز بھٹی ،ایم پی اے مامون جعفر تارڑ ،سابق ڈی سی عدنان ارشد اولکھ ،ڈی سی نوید شہزاد مرزا ،ڈی پی او ساجد کیانی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے تقریب میں شرکت کی ۔

ایم این اے شوکت علی بھٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت عوام دوست اقدامات کے ذریعے ملکی خوشحالی ،تعمیر و ترقی ،غیر ملکی قرضوں سے نجات سمیت تمام اہم قومی اہداف کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سچے ،نڈر اور ایماندار لیڈر کے طور پر اُبھرے ہیں اور انکی قیادت میں پورے ملک کے ساتھ صوبہ پنجاب میں بھی لوگوں کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئیگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈی سی حافظ آباد عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ انہوں نے مختصر عرصہ تعیناتی کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے اور یہاں پر گزرے ہوئے وقت کی خوشگوار یادیں ہمیشہ انکے ساتھ رہیں گی۔تقریب سے ایم پی اے مامون جعفر تارڑ ،ڈی سی نوید شہزاد اور ڈی پی او ساجد کیانی نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی نمائیندگان اور انتظامی افسران پوری ایمانداری اور خلوص نیت سے خدمت خلق کے فریضہ کو ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو عزت اور مقام انہیں خدا کی طرف سے ملا ہے اُس کو ہمیشہ پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں اور فرائض خوف خدا کے جذبے سے ادا کریں گے اور ضلع کی بہتری اور ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اور وسائل بروئے کار لائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات